لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25ءکی تیاری کے سلسلے میں جاری کی گئی ٹائم لائنز پر عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقد ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25ءکی تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہر محکمہ کم از کم پانچ ہائی امپیکٹ منصوبے اورتین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سکیمیں تیار کرے اورترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں مفاد عامہ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار سہو نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں ے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25ءکی تیاری کے سلسلے میں گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں اور ہر محکمے کیلئے فنانشل سیلنگ مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے شرکت کی۔
ترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں مفاد عامہ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے :چیف سیکرٹری پنجاب

















