کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ عازمین حج کیلئے حج کی سہولتوں کو ڈیجیٹلائز کرتے ہوئے ایپ متعارف کروائی ہے، یہ ایپ ایک گائیڈ ہے جس میں حج فلائٹ سے لیکر سعودی عرب میں قیام سمیت دیگر تمام تفصیلات شامل ہوں گی۔نیو حاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ ایپ میں حجاج کی ٹریننگ کیلئے ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی جائیں گی، حجاج کی واپسی تک اس ایپ کے توسط سے ہمارا ان کے ساتھ تعلق رہے گا۔انیق احمد نے حج سے متعلق مزید سہولتوں کے متعلق بتایا کہ تمام حاجیوں کو 30 کلو وزن کی استعداد رکھنے والا ایک ہی رنگ کا کیو آر کوڈ سوٹ کیس مفت فراہم کیا جائیگا تاکہ حاجیوں کو اپنے سامان کی شناخت میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاجی کو سعودی کمپنی کی موبائل سم مفت دی جائے گی جس میں انٹرنیشنل کالز کیلئے 180 منٹس ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے سرکاری حج پیکیج کی قیمت ایک لاکھ روپے کم کی، ایئر ٹکٹ ڈھائی لاکھ روپے کا تھا جسے 2لاکھ روپے پر لے آئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جون میں حج کے ایام سے قبل تک ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگی تو ایئر ٹکٹ بھی سستا ہوجائے گا۔انیق احمد نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کراچی کو شامل کرا دیا ہے جس کے ذریعے حجاج کی امیگریشن کراچی سے ہوسکے گی، پہلے صرف اسلام آباد سے ہوتی تھی، سعودی عرب پہنچنے پر حاجیوں کو بالکل مقامی فلائٹ کے مسافروں کی طرح سہولت دی جائے گی۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے نیو حاجی کیمپ کی عمارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے والے اور آج والے حاجی کیمپ میں فرق ہے، اندر کی عمارت تبدیل ہوگئی ہے، عازمین حج کیلئے ویکس نیشن سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 30 ممالک کے سفیروں مدعو تھے، انہیں پیغام دیا کہ پاکستان کے خوشنما چہرے کو بیرونی دنیا میں بدنما بنا کر نہ پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی، جامعہ این ای ڈی اور اقرا یونیورسٹی (کراچی و اسلام آباد کیمپس )میں بین المذاہب ہم آہنگی ڈائیلاگ کا آغاز کیا، سینٹ پیٹرک چرچ میں بھی اس عنوان کے تحت کام کیا جس میں مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو، پارسی اور جین مذاہب سے تعلق رکھنے والے علما شریک تھے، ان مذاکرات میں تمام علما نے متفق ہو کر کہا کہ انسانیت سانجھی ہے، تمام خلق کو قومی دھارے میں شامل کیا جانا چاہیے، دنیا کو بتانا ہے کہ ہم انسان اور انسانیت کو محبت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی بادشاہی مسجد سے مساجد میں سکول اور کلینک قائم کرنے کے منصوبے کا آغاز ہوچکا ہے، ملک کی تمام مساجد میں مقامی سطح پر ڈسپنسریاں قائم کر رہے ہیں۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کراچی کو بھی شامل کرا دیا : وفاقی وزیر مذہبی امور

















