اکثریت حاصل کر لی،وزیر اعظم کون ہو گا ابھی فیصلہ نہیں کیا:بیرسٹر گوہر، لطیف کھوسہ
اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے اطلاعات کے مطابق ہمارے پاس 150 سیٹوں کی اکثریت ہے، ہم وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائیں گے، انٹرویو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ کس کو وزیراعظم بنائیں گے، ریزرو سیٹوں کےلئے پارٹی جوائن کرنا ضروری ہے، فیصلے کےلئے دو ہفتے کا وقت ہے کہ کسی اور پارٹی میں جانا ہے یا پی ٹی آئی میں رہیں، ابھی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، ہم انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے، نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا، عام انتخابات کی وجہ سے انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کیا، عام انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن بھی کرائیں گے، امید ہے صبح 10 بجے سے پہلے سارے نتائج آجائیں گے، کوشش کریں گے پارلیمنٹ کا حصہ رہیں، رہنما پی ٹی آئی نے کہا جو بھی مسائل ہیں پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے حل کریں گے، جمہوریت، معیشت کےلئے سب سے بات کریں گے،بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے اتحاد نہیں ہوسکتا، دیگر پارٹیوں سے اتحاد کےلئے پارٹی میں مشاورت کریں گے دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے ہم بغیر کسی بیساکھی کے حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے، ن لیگ حکومت نہیں بنا سکتی، ن لیگ کی کوئی اکثریت نہیں، نوازشریف یہ کہتے ہوئے واپس جائیں گے مجھے کیوں بلایا، لاہور کے حلقہ این اے 130میں نوازشریف کی ڈاکٹر یاسمین کے مقابلے میں جیت متنازع ہے، لطیف کھوسہ نے خواجہ سعد رفیق سے جیتنے اور ان کی جانب سے ملنے والی مبارکباد پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا خواجہ سعد رفیق نے مبارکباد دی لیکن دیر کر دی مہربان آتے آتے، سعد رفیق کو مبارک باد رات کو ہی دینی چاہیے تھی انتظار کس بات کا تھا ۔

















