الیکشن مینجمنٹ سسٹم بھی آر ٹی ایس کی طرح غیرموثر

لاہور (مشرق نیوز) الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) بھی 2018 کے آر ٹی ایس کی طرح غیرموثر ثابت ہوا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا دعویٰ تھا کہ انٹرنیٹ پر انحصار کئے بغیر نتائج کا بروقت اعلان یقینی بنایا جائے گا لیکن گزشتہ روز انٹرنیٹ کی بندش کے سبب خاص طور پر پریزائیڈنگ افسران کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب پریزائیڈنگ افسران مقامی طور پر تیار کردہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے اپنے متعلقہ سٹیشنز کے حتمی نتائج کی ترسیل سے قاصر نظر ا?ئے، نتیجتاً رات گئے تک الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف چند ہی نتائج کا اعلان کیا جا سکا۔

شام تک الیکشن کمیشن اپنے اس دعوے سے کسی حد تک پیچھے ہٹ چکا تھا جب الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران اب اپنے پولنگ سٹیشنز کے نتائج بذات خود دینے کیلئے اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر جائیں گے جہاں’انٹرنیٹ سروس بحال ہونے کے بعد‘ نتائج سسٹم کے ذریعے منتقل کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن میں قائم میڈیا سیل میں غیر ملکی اور مقامی جرنلسٹس کی بڑی تعداد موجود رہی، جو انتخابی نتائج کے منتظر رہے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا، سیکرٹری اور تمام اراکین الیکشن کمیشن بھی اپنے دفاتر میں موجود تھے۔