جمہوریت کی فتح،عوامی عدالت نے فیصلہ سنادیا،کہیں ن لیگ،کہیں پی پی،کہیں آزاد امیدوار آگے

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(رپورٹنگ ٹیم)ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات میںعوامی عدالت نے اپنے اپنے امیدوار چن لیے،قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 855حلقوں میں ہزاروں امیدوار مدمقابل رہے،کئی جگہوںپر کڑا مقابلہ دیکھنے کو ملا،بڑے بڑے برج بھی الٹ گئے،کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہ ملنے کاامکان ہے۔

غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق کہیں ن لیگ،کہیں پی پی،کہیں آزاد امیدوار آگے ہیں،ایم کیو ایم،تحریک لبیک پاکستان بھی کسی سے پیچھے نہیں،کئی حلقوں میں سرفہرست ہے۔

نواز،شہباز،مریم،بلاول،زرداری،سراج الحق،فضل الرحمن،بیرسٹر گوہر،یاسمین راشد،عمر ایوب، اسد قیصر،جہانگیر ترین،علیم خان،عون چودھری،ہمایوں اختر،قمر زمان کائرہ،خورشید شاہ،رانا ثنا،افضل ساہی ،اختر مینگل،شیخ روحیل اصغر،ایاز صادق،لطیف کھوسہ،سلمان اکبر راجہ،شیر افضل مروت،خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار،مصطفی کمال،خواجہ آصف،ریحانہ ڈار،خرم دستگیر،احسن اقبال،دانیال عزیز،یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویزاشرف،مہر بانو،زین قریشی،عطا تارڑ سمیت اہم شخصیات میدان میں اتریں۔

ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کےلئے پولنگ صبح 8سے شام5بجے تک بغیر کسی وقفہ جاری رہی،متعد د مقامات پرعملہ تاخیر سے پہنچنے کے باعث پولنگ کاعملہ تاخیر کاشکار رہا،کروڑوں افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

شام 5بجے کے بعد پولنگ سٹیشن بند کردئیے گئے،صرف احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کر نے کی اجازت دی گئی ،مختلف پولنگ سٹیشنوں کے باہر قطاروں میں کھڑے ہزاروں ووٹرز کو مایوس واپس لوٹنا پڑا،ادھر گجرات کے3حلقوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کی درخواست پر 3پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ کاوقت بڑھایا گیا،شہر شہر سکیورٹی انتہائی سخت رہی،پولیس اہلکاروں کےساتھ پاک فوج ،رینجرز جوانوں نے بھی فرائض سرانجام دئیے،امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے فوجی جوان سڑکوں پر پٹرولنگ بھی کرتے رہے۔