مہنگائی کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر پارلیمنٹ میں لائحہ عمل بنانا پڑےگا :حمزہ شہباز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے وقت کا پہیہ گھومتا رہتا ہے ،2018میں میں نوازشریف ، مریم نواز جیل میں تھے،اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو سزا ضرور ملنی چاہیے ۔ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا دہشت گردی کا واحد حل جمہوریت ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں ضرب العضب اور ردالفساد کے ذریعے پہلے بھی دہشت گردی کا خاتمہ کیا اب بھی ایسا کریں گے، دہشت گردی ایسا کینسر ہے جو ملک کو کھا جاتا ہے ،عوام اس بار بھی دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے ، مہنگائی کے خاتمے کےلئے سب کو ملکر پارلیمنٹ میں لائحہ عمل بنانا پڑے گا، پارلیمنٹ کے اندر ماحول یکسر مختلف ہونا چاہیے مل کر عوام کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔