کشمیر یوں کی عظیم جدوجہد انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے تازیانہ ہے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کشمیر یوں کی عظیم جدوجہد انسانی حقوق کی علمبردار دنیا کیلئے ایک تازیانہ ہے جو اپنی آزادی کے لئے 75سالوں سے ریاستی جبرکا جرات اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ اقوام عالم کو یہ سمجھنا چاہیے کہ عوام کا آزادی سے زندہ رہنے کا حق تا دیر دبایا نہیں جا سکتا اور بیدار قومیں جلد یا بادیر اپنا حق حاصل کر لیتی ہیں۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی اور بے رحمانہ تشدد بھی انہیں اپنی جدوجہد سے نہیں روک سکتا اور پاکستانی قوم اس حق کے حصول میں اپنے کشمیر ی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہماری اس غیر متزلزل حمایت کے اعادہ کا دن ہے اور یہ حمایت حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اپنے سے کئی گنا طاقت کا بہادری اور ملی جذبے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔