لاہور (اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کو واضح مینڈیٹ ملا تو ملکر چلیں گے، ادارے بھی مشاورت کا حصہ ہوں گے، مناظرے کی باتیں کرنےوالے پہلے کارکردگی کا موازنہ کر یں۔ بلاول صاحب! کراچی کی بارش نے موازنہ کردیا۔
پارٹی رہنماﺅں کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا مناظرہ بھی ہوجائےگا لیکن بارش سے لاہور، کراچی کا موازنہ ہوگیا، کراچی میں ٹھاٹھیں مارتا سمندر تباہی کا منظر پیش کر تا رہا، الیکشن لڑنے کا حق ہر شخص کو حاصل ہے۔ بلاول کراچی، لاہور، میانوالی، کوئٹہ سے الیکشن لڑیں حق ہے لیکن پیسے بانٹ کر شناختی کارڈ رکھنا ووٹ کی بدترین توہین ہے، اگر ووٹ خریدنے کی بات درست ہے توووٹ کی عزت نہیں توہین ہے۔ الیکشن پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کرےگا، عوام کارکردگی دیکھ کر 8 فروری کو ووٹ دینگے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا نواز دور میں ہسپتالوں، تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا، جب میں وزیراعظم بنا تو بدترین سیلاب آیا، 100 ارب تقسیم کئے، پنجاب، خیبرپختونخوا میں مفت آٹا دیا، ایک سال میں کرپشن انڈیکس 140 سے کم ہو کر 133 پر آگیا، کرپشن میں 7 درجہ کمی کا کریڈٹ 13 جماعتوں کو جاتا ہے۔ سابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا چور کون ہے؟ چور، چور کی رٹ لگانے والوں کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خود چور ثابت کردیا۔ رپورٹ کا الیکشن سے بھی براہ راست تعلق ہے، دودھ کا دوھ پانی کا پانی ہوگیا، ماضی میں کسی سیاستدان کا ایسا رویہ نہیں دیکھا جیسا بانی پی ٹی آئی کا تھا، بانی پی ٹی آئی میں رعونت اور تکبر تھا، پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کی بجائے اب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ووٹ دیں۔
شہبازشریف نے کہا 2018 میں بدترین دھاندلی، جادو ٹونے سے حکومت بنی، دھاندلی زدہ حکومت نے بدترین کرپشن کے الزامات لگائے، موٹر وے بنانے پر الزامات لگائے گئے، کوئی بھی نوازشریف پر کرپشن کے الزامات ثابت نہیں کرسکا۔ موٹروے سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں، پی ٹی آئی دور میں کرپشن انڈیکس بڑھا، چینی کا بحران پیدا کر کے اربوں کی کرپشن کی گئی، چینی منصوبوں میں کرپشن کے الزامات لگائے گئے، الزامات چین سے تعلقات مجروح کرنے کی سازش تھی، بانی پی ٹی آئی نے پی کے ایل آئی کو برباد کر دیا ،چور ڈاکو کا ورد کرکے طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا، ملک میں گھولا گیا زہر سنبھالنا اب بہت مشکل ہے۔ یکسوئی ، یگانگت، پیار اور محبت کے رواج تک زہر ختم نہیں ہوگا، قانون کے سامنے کھڑا ہونا احترام کی بات ہے، میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لوں گا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے بدترین الزامات کی بوچھاڑ کوکچھ قوتوںنے بھی اپنی قوت سے بڑھوتی دی۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا مجھے صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کرلیا گیا۔ ثاقب نثار نے بلا کر کہا بجلی منصوبے نظر نہیں آرہے، میں نے کہا آپ ٹھنڈے کمرے میں ایسے ہی بیٹھے ہیں؟ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے کلین چٹ دی تو مذاق اڑایا گیا، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کا کوئی شوق نہیں۔
شہبازشریف نے کہا مناظرے کی باتیں کرنے والے پہلے کارکردگی کا موازنہ کر لیں، مناظرہ تو ہوتا ہی رہیگا، بارش کے پانی کے باعث مائیں، بہنیں سڑکوں پر بے یارومددگار پھنسی رہیں، میرے مہربان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا، کراچی کی سڑکوں پر موازنہ ہوگیا، کراچی میں بارش کے بعد اب بتائیں موازنہ ہوا یا نہیں؟ بارش کے بعد ایسی صورتحال لاہور کی ہوتی تو میں الیکشن سے دستبردار ہوکر بلاول سے کہتا میرے حلقے سے الیکشن لڑ لیں، کوئی بھی الیکشن لڑے اپنی مہم چلائے، بینرز لگائے اپنا مقدمہ پیش کرے لیکن پیسوں سے ووٹ خریدنا ووٹ کی بدترین توہین ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا نوازشریف ماضی کی تلخیاں بھلا کر آئے، نیازی کہتا تھا میں چھوڑوں گا نہیں، رلاوں گا، مینڈیٹ ملا تو شور، افراتفری کو دفن کریں گے۔ نواز دور میں کوئی ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھااسی روایت کوآگے لےکر چلنا ہے، جھوٹے مقدمات بنانے کی روایت ختم ہونی چاہئے، کروڑوں بچے اور بچیاں ووٹ ڈالنے جائیں گے، ملکی مستقبل الیکشن سے جڑا ہے، حکمران کون بنے گا، 8 فروری کو عوام فیصلہ کریں گے، پاکستان کے سامنے ہما لیہ نما چیلنجز ہیں، کوئی ایک جماعت اکیلے نہیں نمٹ سکتی، سب کو آئینی دائرے میں رہ کر ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو کو کب کہا ملکر حکومت بنائیں، اپنی سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا، مسلم لیگ (ن) کو کلیئر مینڈیٹ نہ ملا تو پھر بیٹھ کر سوچیں گے۔
خریداری ووٹ کی توہین ،بلاول صاحب!کراچی کی بارش نے موازنہ کر دیا،شہباز



















