ڈسکہ:سوئی گیس کی بندش ، کاروبار ٹھپ،گھروں کے چولہے ٹھنڈے

ڈسکہ: (محمد امین خان)ڈسکہ و گردو نواح میں گیس نہ ملنے پر کارخانے بند، ملازمین بیروزگار برآمدات بھی بری طرح متاثر، نا قابل تلافی نقصان ہور ہاہے ڈسکہ اور گردونواح میں گیس پریشر صفر، درجنوں کارخانے بند ہونے سے سینکڑوں ورکرز بیروزگار ہو گئے برآمدات بری طرح متاثر ہونے لگیں۔

علاقہ بھر میں درجنوں یونٹس قائم ہیں جہاں پرایکسپورٹ کوالٹی کا مال تیار کر کے دنیا بھر میں فروخت کیا جاتا ہے تا ہم کئی ماہ سے گیس پریشر صفر ہونے کی بنا پر فٹ بال ٹینس ٹیکسائل 'ہوزری کرکٹ بیٹ 'سرجیکل کے کارخانے جن میں سینکڑوں مزدور کام کرتے ہیں گیس پریشر صفر ہونے کی بنا پر مالکان نے مجبوراً بند کر دیئے ہیں جس سے وہاں پر کام کرنیوالے سینکڑوں مزدور ورکرز پیروزگار ہو گئے ہیں اور برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر نہ ہونے کے باعث کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں اور وہ یورپ امریکہ و دیگر ممالک سے حاصل ہو نیوالے آرڈرز کی بر وقت سپلائی نہیں دے سکتے جس سے انہیں نا قابل تلافی نقصان ہوگا اور ملکی برآمدات کو شدید دھچکا لگے گا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی سپلائی اور پریشر میں اضافے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔