لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 423ملزمان بجلی چوری میںملوث پائے گئے ۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں423 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جس میں سے 170کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 7افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں15کمرشل،1 زرعی،1انڈسٹریل اور 406 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو4لاکھ70ہزار3سو59یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ33لاکھ86ہزار6سو 13 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو145روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 50154 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ، 46634 کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17438 کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 2 لاکھ ٍ83 ہزار2سو 63 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2ارب72کروڑ33لاکھ85ہزار3سو32روپے ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ماہ جنوری میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزازمیں شاندار تقریب منعقد کی گئی ،ریٹائر ہونے والے 33ملازمین کو پنشن پیپرز اور واجبات کے چیکس دینے کی تقریبات میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئر شاہد حیدر، چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران ، ڈی جی ایڈمن ضمیر حسین کولاچی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن سلمان حیدر نے شرکت کی۔تقریب میں ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کی پرتکلف چائے اور ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی جبکہ پنشن پیپرز اور واجبات کے چیک بھی موقع پر دئیے گئے۔تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئر شاہد حیدر نے ریٹائرڈ ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام ملازمین ہمارے لئے محترم ہیں اور ان کی عزت کے ساتھ ریٹائرمنٹ پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دوسری طرف سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے 4 رکنی وفد نے لیسکو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اورچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سمیت لیسکو کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں انجینئر شاہد حیدر کے علاوہ جی ایم ٹیکنیکل عامر یٰسین ، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے محمد اصغر، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفر اقبال ، ڈائریکٹر کمرشل طارق عثمان اور ڈپٹی منیجر کمرشل چوہدری محمد اعظم شریک تھے ۔ ملاقات کے دوران سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے وفد نے لیسکو حکام کو اپنے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کیا ، اس موقع چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے وفد کو تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی جبکہ متعلقہ حکام کو وفد کے مسائل اور تحفظات سے متعلق احکامات بھی جاری کیے ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ صنعتکار ملکی معیشت و ترقی میں سب سے کلیدی کردار ادا کرتے ہیںجبکہ اس شعبے سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بھی منسلک ہے لہٰذا صنعتکاروں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔ علاوہ ازیں بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ لیسکو حکام نے 140 روز سے جاری ریکوری مہم کے دوران مجموعی طور پر75,860 ڈیفالٹرز سے2ارب26 کروڑ روپے کی وصولی کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، انکے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،145 روز مکمل، کروڑوں کے ڈیٹکشن بل وصول، نادہندگان سے ریکوری

















