ن لیگ کا پروگرام خوشحالی اور بہتر مستقبل کا ہے:احسن اقبال

قلعہ احمد آباد: (عارف نجمی) سابق وفاقی وزیر،مسلم لیگ ن کے رہنما اورامیدوار برائے این اے 76 پروفیسر احسن اقبال نے قلعہ احمد آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن کا پروگرام خوشحالی اور بہتر مستقبل کا پروگرام ہے ،ہم نے نارووال میں یونیورسٹیوں کا جال بچھا دیا ہے جہاں غریبوں مزدوروں کے ہزاروں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ نوجوانوں کو کھیلوں کےلئے سٹیڈیم بنانے پر مجھے اڑ ھائی ماہ جیل میں رکھا گیا۔


احسن اقبال نے کہا نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے کٹے بچھڑے مرغیاں دیں جس سے دنیا بھر نے ہمارا مذاق اڑایا ،ان کی غلط پالیسیوں سے ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچا ہے جونہی حکومت پابندی ختم کرے گی سب سے پہلے قلعہ احمد آباد کو سوئی گیس فراہم کر دی جائے گی، احسن اقبال نے کہا ایک پارٹی جنت کے ٹکٹ پر عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے ، ہر مسلمان ختم نبوت پر مکمل ایمان رکھتا ہے کسی جماعت سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ،ہم نے نوجوانوں کو شعور اور آگاہی فراہم کرنے کی کوشش ہے ،500 سال بعد آنے والے لوگ بھی ہمارے بنائے گئے ،تعلیم اداروں سے استفادہ حاصل کریں گے اور ہمارے فلاحی کاموں کو سراہیں گے، انہوں نے کہا مسلم لیگ وہ جماعت ہے جس نے پاکستان بنایا تھا اور اب بھی یہی جماعت پاکستان کو بچائے گی، عوام 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کےلئے ہمارا ساتھ دیں۔