لاہور (کرائم رپورٹر) لاہورپولیس کے شہید اہلکار کانسٹیبل ارشد کی نماز جنازہ قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ہے۔ شہیدکانسٹیبل ارشد نے اچھرہ تھانے میں تعیناتی کے دوران شمالی چھاو¿نی کے علاقہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں جام شہادت نوش کیا۔آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اے این ایف پنجاب بریگیڈئر سکندر حیات، سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی سی آئی اے کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور، ڈی آئی جی ایڈمن منتظر مہدی، ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا، ایس ایس پی ڈسپلن صہیب اشرف اور دیگر سینئر افسران و اہلکاران کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ ادا کی۔سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور کانسٹیبل محمد ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ اس موقع پرپولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل ارشد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی فرض شناسی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات فروش کی فائرنگ سے لاہور میں شہید ہونے والے کانسٹیبل ارشد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل ارشد نے منشیات کی لعنت کے قلع قمع کیلئے جاری جہاد میں بہادری سے جان کا نذرانہ پیش کیا ، پنجاب پولیس کانسٹیبل ارشد کی فرض شناسی اور لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔ کانسٹیبل ارشد کے اہل خانہ و بچوں کی بہترین ویلفیئر کا پورا خیال رکھا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ارشد جیسے 1600 سے زائد بہادر شہداءکی امین فورس ہے۔ سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد نے اپنی جان قربان کرکے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ شہید کانسٹیبل ارشد لاہور پولیس کا قیمتی سرمایہ اور بہادری و فرض شناسی کی روشن مثال ہیں۔ شہید کانسٹیبل محمدارشد کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ پولیس شہید کانسٹیبل ارشد کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال اور بھلائی کو یقینی بنائیگا۔دوسری طرف آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کے لئے اقدامات جاری ہیں، لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 15 لاکھ روپے سے زائد جاری کر دئیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے فورس کو طبی اخراجات کی ادائیگی میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
کانسٹیبل ارشد کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا پورا خیال رکھا جائیگا:آئی جی پنجاب



















