راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں عمران ،قریشی کاشور شرابہ،جج خصوصی عدالت کو کارروائی کچھ دیر کیلئے معطل کرنا پڑی،اڈیالہ جیل میں سائفرکیس پرسماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے غصے میں آ کر عدالت میں شور شرابہ کیا۔
جج نے معاملے کی سنگینی دیکھتے ہوئے کارروائی کچھ دیرکیلئے موخر کردی،بعدازاںسائفر کیس کے اہم گواہ اعظم خان پر سٹیٹ ڈیفنس کونسل نے جرح مکمل کر لی ،جرح کے دوران شاہ محمود قریشی نے اسٹیٹ ڈیفنس کونسلز پر اعتراض کیا،جج ابو الحسنات نے قریشی کو وارننگ دی آپ خاموشی سے بیٹھ جائیں ورنہ کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا جائے گا۔
عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی عدالت سائفر کیس کو نہ سنے،خصوصی عدالت نے سائفر کیس نہ سننے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دےکر مسترد کردی۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ کے وکلا کا حق جرح ختم کر دیا،جج بشیر نے کیس پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی،بانی پی ٹی آئی نے وکیل تبدیل کرنے کی درخواست دی،وکیل چودھری اظہرعباس نے وکالت نامہ جمع کرایا، پراسیکیوشن کی جانب سے وکیل تبدیل کرنے کی مخالفت کی گئی، وکیل نیب امجد پرویز نے کہا توشہ خانہ کیس میں دسواں وکیل تبدیل کیا جارہا ہے، کیس کو التوا میں ڈالنے کیلئے باربار وکیل تبدیل کیے جارہے ہیں،5سے 6مرتبہ گواہ عدالت آچکے مگر جرح نہیں کی گئی،وکلا صفائی کی جانب سے صرف 5گواہوں پر جرح کی گئی۔
وکیل شہباز کھوسہ نے کہا پراسیکیوشن نے توشہ خانہ کیس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کرا دیئے، نیب نے 20گواہوں میں سے 4کو ترک کر دیا، میں والد کا الیکشن چھوڑ کر جرح کیلئے آیا تھا، جرح کا حق ختم کرنے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے،احتساب عدالت منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کا 342 کا بیان ریکارڈ کرے گی۔
سائفرکیس، عمران ،قریشی کاشورشرابہ،توشہ خانہ مقدمہ میں وکلا کاحق جرح ختم

















