بڑے ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے قومی نوعیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کومعینہ مدت میں مکمل کرنے کاحکم دےدیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا،وفاقی وزرا ، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاٹیکس کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں کا محور عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہئے، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پن بجلی و آبی ذخائر کی ترقی، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کےساتھ افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے۔

وزیراعظم نے کہاوفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر فیصلہ سازی میں صوبوں کی مشاورت کو کلیدی اہمیت دیتی ہے، نگران حکومت کے قلیل دور میں ملکی ترقیاتی اہداف کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی خوش آئند ہے،بے شمار معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے ہی ملکی ترقی کا حصول ممکن ہے۔

قبل ازیں انٹرویو دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا حکومت شفاف انتخابات کیلئے پرعزم ہے،8فروری کوالتوا ءکی تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی،ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پارلیمان کو قانونی، انتظامی اور الیکشن کمیشن پرتمام خامیوں کو دور کرنا ہو گا ،بدقسمتی سے ابھی تک کوئی سیاسی جماعت ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کا کوئی ایجنڈا سامنے نہیں لےکر آئی۔

وزیراعظم نے کہامقامی و عالمی میڈیا کےساتھ ساتھ مبصرین بھی انتخابات کی مانیٹرنگ ،کوریج کریں گے ،یقینی بنائیں گے جس حد تک ممکن ہو خطے کے معیارات کے مطابق انتخابات آزادانہ و منصفانہ ہوں،ہر ایک کو اچھا ٹرن آﺅٹ یقینی بنانے کےلئے اپنا آئینی حق استعمال کرنا چاہئے۔