شہباز کامباحثہ چیلنج قبول،اسلام آباد کی حکومتی مشینری پر مافیا قابض ہے،بلاول

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے اسلام آباد کی حکومتی مشینری پر مافیا کا قبضہ ہے،حکومت میں آکر17 وفاقی وزارتیں اور اشرافیہ کو ملی 1500 ارب کی سبسڈی ختم کردوں گا۔

طلبہ سے مکالمہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کے منشور میں میرا عوامی معاہدہ ہے،منشور خود ماہرین کےساتھ بیٹھ کر خود بنوایا ،معاشی بحران و موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان خطرے میں ہے، پوری دنیا کےساتھ ملکر موسمیاتی تبدیلی پر کام کریں گے،عوام کیلئے گرین جابز کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں، مشکل وقت میں چیلنجز زیادہ ہیں لیکن نمٹ لیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاحکومت کے پاس 17 وفاقی وزارتوں کو چلانے کےلئے پیسہ نہیں ، حکومت میں آکر 17 وزارتیں بند ،اشرافیہ کو دی گئی 1500 ارب کی سبسڈی ختم کرکے رقم غریبوں پر خرچ کریں گے،پی ڈی ایم حکومت نے بھی عمران خان کی طرح 3 ماہ تک آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، سیاست کےلئے غلط معاشی فیصلے کا بوجھ نواز ،شہباز نہیں عوام اٹھا رہے ہیں،وفاقی حکومت میں 18 ماہ گزارے، جانتے ہیں اسلام آباد بیوروکریسی کی کیا ذہنیت ہے، بیورو کریسی خودکچھ کرنا چاہتی نہ کسی کو کچھ کرنے دیتی ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاملک میں نفرت،تقسیم کی سیاست عروج پر ہے، نواز شریف کو چوتھی بار چننے سے بھی منشور پر عملدرآمد نہیں ہوگا، نئی سوچ کے بغیر آپ اپنے منشور پر عمل نہیں کرسکتے جو بھی الیکشن جیتے وہ انتقامی سیاست نہ کرے، اپوزیشن بھی حکومت کو چلنے دے،یہ سمجھتے ہیں ایک جماعت کو ٹیکنیکل ناک آو¿ٹ کردیا پیپلزپارٹی کےساتھ بھی ایسا کریں گے،ن لیگ کھلا میدان چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کےخلاف بھی غیر جمہوری رویہ جاری ہے، حکومت پنجاب سے پوچھتا ہوں کیا پی پی نے 9 مئی کیا، ن لیگ کو ڈرکیا ؟ جیالوں کے پیچھے کیوں پڑے ہیں۔

دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہامیں نے میاں صاحب کو مباحثے کا چیلنج دیا، سابق وزیراعظم کی تقریریں نہیں سنتا،شہباز شریف کا سندھ میں مباحثے کا چیلنج قبول ہے، میاں صاحب پتہ نہیں کیوں ڈر رہے ہیں،میاں صاحب جہاں مباحثہ کرنا چاہتے ہیں آجائیں، میں تیار ہوں،شہباز شریف خیر پور، سکھر، کراچی کے ہسپتال کے باہر بھی چاہیں تو ڈیبیٹ کر لیں، پنجاب میں مجھے لوگوں کا اچھا ریسپانس ملا ، میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی کوشش میں ہیں،ن لیگ جانتی ہے اکثریت نہیں چاہتی میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بنیں۔

چیئرمین پی پی نے کہانفرت و تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ن لیگ پتہ نہیں کس چیز سے خوفزدہ ہے، طاقت سے راستہ روکنا بھول ہے، اپنی معاشی پالیسیز کا پتہ ہے تو آئیں مجھ سے ڈیبیٹ کریں۔

مزید برآں بلاول بھٹو زرداری سیٹلائٹ ٹاو¿ن میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے ہیڈکوارٹرز مکتب تشیع علی مسجد گئے،سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی سے ملاقات کی،آغا سید حسین مقدسی نے عام انتخابات میں حمایت کی یقین دہانی کراد ی۔۔