لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 406 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 406 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،405 بجلی چوروں کیخلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 173 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 2افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 13 کمرشل، 2 زرعی،1 انڈسٹریل اور 390 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو 330607 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 9423741 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنوں بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ دوسری طرف انسداد بجلی چوری مہم کو 141 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 48900 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 48434 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، 45563 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17421 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 69414387 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2680563479 ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءایس ڈی او بیگم کوٹ فیضان اعظم اپنے اسٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں ریکوری کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔اس دوران ایک انڈسریل کنکشن کو چیک کیا گیاجو کہ پہلے سے دونوں میٹرز پر 18لاکھ کا نا دہندہ تھا۔جب کنزیومر کے ٹرانسفارمر کی ڈی اتاری گئی تو کنزیومر نے ہاتھا پائی شروع کر دی کنزیومر نے سرکاری گاڑی کی چابی گاڑی کے اندر توڑ دی اور مار پیٹ کرتے ہوئے دو ملازمین کو اپنے فیکٹری میں بند کر دیا اور اندر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا فیکٹری میں بند ملازمین میں سے ایک میٹر انسپکٹر عدنان سے اس کا موبائل چھین لیا گیا۔موقع پر موجود دوسرے ملازمین نے 15 پر کال کی۔ پولیس کے چار ملازمین نے دونوں ملازموں کو فیکٹری سے باہر نکالا مگر فیکٹری مالکان جن کی تعداد کم و بیش 20 سے زیادہ تھی ،نے پولیس کے سامنے باہر نکل کر تمام واپڈا ملازمین کو بہت تشدد کا نشانہ بنایا جس کا ویڈیو ثبوت موجود ہے۔پولیس اب تک ان با اثر ملزمان کیخلاف ایف آئی آر رجسٹرڈ نہیں کرسکی۔علاوہ ازیں ایکسین شالیمار کی زیر نگرانی ایس ڈی او صحافی کالونی نے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا ، اس دوران مانڈیا والا، منہالا اور کوٹ دونی چن کے علاقوںمیں بجلی کی سپلائی لائنوں اور میٹروں کو چیک کیا گیا ، چیکنگ کے دوران 10ملزمان بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ لیسکو حکام نے 136 روز سے جاری ریکوری مہم کے دوران مجموعی طور پر74265 ڈیفالٹرز سے2ارب18 کروڑ روپے کی وصولی کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
انسداد بجلی چوری مہم کو 141 روز مکمل، 17421 ملزمان گرفتار ،نادہندگان سے بھی وصولیاں

















