لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کے قلع قمع کا عمل مزید تیز کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، خطرناک مجرمان، منشیات فروشوں اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے ٹارگٹڈ کاروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ پولیس ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے پیشہ ور و خطرناک مجرمان کی سرکوبی کا عمل تیز کریں، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرمن و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے جبکہ شہریوں کو بہترین ماحول میں خدمات کی فراہمی سے احساس تحفظ کی فضا کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کو انعامات دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور اور شیخوپورہ ریجن کے 37 افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی ویلفیئر برانچ 2017 سے قبل کے پولیس شہداءکے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کیلئے معاونت جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تسلسل میں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 13 شہدا کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے فی کس چیک کی صورت میں ادا کئے گئے، آئی جی پنجاب نے 2 شہدا اور ایک حاضر سروس پولیس اہلکار کی بیٹی کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے نذیر احمد شہید، غلام مرتضٰی اور گلفام شہزاد شہید کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کے لئے مالی امداد کے چیک دیئے گئے، راولپنڈی کے خالد محمود شہید، فیصل آباد کے عبدالرووف، ریاض حسین شہید اہل خانہ کو چیک دیئے گئے، بہاولنگر کے محمد امین، بہاولپور کے محمد اطہر کے اہل خانہ کو چیک دئیے گئے۔ گجرات کے محمد وارث ، محمد امجد ، محمد ارشد، خانیوال کے سعید احمد، احسان اللہ کے اہلخانہ کو چیک دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اب تک 17 شہدا کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے 01 کروڑ 95 لاکھ روپے دے چکی ہے۔ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ظفر اقبال شہید کی بیٹی مریم ظفر کو لیپ ٹاپ سے نوازا، شہید انسپکٹر رانا شاہد کی بیٹی سارہ شاہد اور رحیم یار خان کے محمد زاہد کی بیٹی زوہا بی بی کو بھی لیپ ٹاپ دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کی ویلفیئر برانچ 2017 سے قبل کے تمام شہداءپولیس کے گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہمی کے بعد گھروں کی تعمیر میں بھی معاونت کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس شہداءہمارا فخر ہیں، انکی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ اولین ترجیح ہے ، شہداءکے بچوں کی بہترین تعلیم کیلئے نامور تعلیمی اداروں کے معاہدے کئے ہیں ، جاب کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اسٹیشن ڈائریز کے سلسلے میں ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین اور انکی ٹیم سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے جھگی چیک پوسٹ سے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش بروقت کاروائی سے ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا کہ پولیس ٹیم کی فرض شناسی اور ہائی الرٹ کاروائی نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے پسپائی پر مجبور کردیا، دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار پنجاب پولیس کے سرحدی جانباز فورس کے اصل ہیروز ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس کے آڈیٹوریم درسگاہ میں ڈی جی خان پولیس ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او احمد محی الدین نے گذشتہ مہینوں کے دوران ڈی جی خان پولیس کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان پولیس خطرناک ڈکیتوں، دہشت گردوں اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے، ڈیرہ غازی خان کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر منتقل کر دیا گیا، انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے پبلک سروس ڈلیوری کو شہریوں کیلئے مزید آسان اور بہتر بنایا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی جی خان پولیس کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سے انکی کارکردگی اور ٹریس ہونے والے اہم کیسوں بارے گفتگو کی۔ڈی جی خان پولیس ٹیم نے بتایا کہ تھانہ صدر پولیس نے تونسہ بائی پاس پر ایک مشکوک کار سے ہنڈی کی رقم 4 کروڑ 94 لاکھ روپے کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔تھانہ سول لائن کے علاقہ فرید آباد کالونی میں اسلحہ کے زور پرگھر سے لوٹا گیا ۔ 70تولہ طلائی زیورات سمیت ایک کروڑ 20لاکھ روپے نقد رقم 6گھنٹے کے مختصر وقت کے اندر برآمد کیا۔ تھانہ کوٹ چھٹہ پولیس نے بین الضلاعی ڈکیت سردار عرف سرداری میرانی جس پر ضلع راجن پور، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازیخان سمیت 2 درجن سے زائد سنگین مقدمات درج تھے کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ڈی پی او احمد محی الدین سرکل تونسہ، سرکل صدر، سرکل کوٹ چھٹہ اور سرکل سٹی میں عوام الناس کے مسائل کے ازالے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے۔
جرائم کا قلع قمع ناگزیر، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے :آئی جی پنجاب


















