پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر نفرت اور انتقام کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم کردیگی :ندیم افضل چن

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اگر ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنا ہے تو سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کا منتخب ہونا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ عوام آزاد امیدواروں کے بجائے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اگر ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنا ہے تو سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کا منتخب ہونا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن )پی ٹی آئی کارکنان پر اسی طرح ظلم کررہی ہے کہ جیسے ماضی میں جیالوں پر کیا۔ انہوںنے کہاکہ جیالوں نے بھی وہ وقت دیکھا کہ جب شریف خاندان پی پی پی کارکنان کے گھر کی خواتین کو بھی ظلم کا نشانہ بناتا تھا۔ ندیم افضل چن نے کہاکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پاس ”تیر“ پر ٹھپہ لگا کر نفرت اور انتقام کے اس سلسلے کو ختم کرنے کا سنہری موقع ہے۔ندیم افضل چن نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی حمائتیوں نے آزاد امیدواروں کو جتوایا تو ان کو نہ مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں اور نہ وہ سینیٹ میں جانے کے اہل ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اگر پی ٹی آئی کارکنان نے آزاد امیدواروں کو جتوایا تو ووٹ کی تقسیم کا فائدہ اٹھا کر مسلم لیگ (ن) بآسانی حکومت بنالے گی۔ انہوںنے کہاکہ منتخب آزاد عوامی نمائندوں کو توڑنا اور خریدنا چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والے شریف خاندان کا وطیرہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ عام انتخابات کے بعد آزاد امیدواروں کی بولی لگانے والے کسی جہانگیر ترین کے جہاز کو روکنے کا درست طریقہ ”تیر“ پر مہر لگانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ وقت ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے کا راستہ روکیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بن گئی تو سیاسی کارکنوں پر ظلم کی سیاہ رات کا دورانیہ مزید بڑھ جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر نفرت اور انتقام کی سیاست کے باب کو ہمیشہ کیلئے بند کردیگی۔