راولپنڈی (مشرق نیوز) سائفر کیس میں سابق سیکرٹری خارجہ کے ریکارڈ کرائے گئے عدالتی بیان کی کاپی سامنے آ گئی، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے 22 جنوری کو اپنا بیان قلم بند کروایا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 8 مارچ 2022ءکو واشنگٹن میں پاکستانی سفیر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، 7 مارچ 2022 کو امریکی وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بتایا گیا، ملاقات میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن، امریکی اتاشی اور اسسٹنٹ سیکرٹری موجود تھے، ملاقات میں بتایا گیا کہ وزارت خارجہ کو سائفر ٹیلی گرام موصول ہوا ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سائفر ٹیلی گرام بند لفافے میں موجود تھا جسے 8 مارچ 2022 کو حسیب گوہر کے حوالے کیا گیا، 22 مارچ 2022 کو سائفر بانی پی ٹی آئی نے ایک عوامی جلسے میں لہرایا، 27 مارچ 2022کو سائفر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حوالے کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سائفر سے متعلق نوٹ امریکہ میں ایڈیشنل سیکرٹری فیصل نیاز ترمذی نے بھیجا تھا، 28 مارچ 2022 کو مجھے میٹنگ کیلئے فوری بنی گالہ پہنچنے کا کہا گیا، بنی گالہ میٹنگ طے شدہ نہیں تھی، فوری طلب کی گئی تھی جس میں وزیر اعظم، شاہ محمود قریشی اور اعظم خان موجود تھے، بنی گالہ میٹنگ کے بعد میں سائفر کی کاپی محفوظ رکھنے کیلئے ساتھ لے گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سائفر کاپی سے متعلق میٹنگ کے کوئی منٹس تیار کرنے کا نہیں کہا گیا تھا، سائفر ٹیلی گرام سے متعلق 8 اپریل 2022 کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی تھی یہ طے ہوا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے سائفر ٹیلیگرام سے متعلق پارلیمنٹ میں ان کیمرا بریفنگ دی جائے گی، ستمبر 2022 تک سائفر ٹیلی گرام کی کاپی وزارت خارجہ کو واپس نہیں ملی۔
سائفر کیس، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کے بیان کی کاپی سامنے آ گئی

















