لاہور: ( ہیلتھ رپورٹر)پنجاب میں خطرناک نمونیا مزید 14بچوں کی زندگیاں نگل گیا،نمونیا سے ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا اور صوبے بھر میں ایک ہی روز نمونیا سے مزید 14بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں ایک ماہ سے 4 سال کے درمیان ہیں جن میں فیصل آباد کے 5، شیخوپورہ کے3، لاہور پنڈی بھٹیاں سے 2بچے شامل ہیںجبکہ گوجرانوالہ اور منڈی بہاﺅالدین سے ایک ایک بچہ جاں بحق ہوا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران نمونیا کے 979نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں ایک روز کے دوران 197نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے 2بچے جاں بحق جان سے گئے،پنجاب میں رواں سال نمونیا کے 10ہزار 520کیسز سامنے آئے جن سے 208اموات ہوئیں، صرف لاہور میں رواں سال نمونیا کے ایک ہزار 570 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 47ہلاکتیں ہوئیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں 3ماہ کے دوران نمونیا کیسز میں 47فیصد اضافہ ہوا جس سے 5 سال سے کم عمر ہزاروں بچے متاثر ہیں،محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری 2023کے آخری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں خیبرپختونخوا میں نمونیا کے 6ہزار 219کیسز رپورٹ ہوئے، دسمبر میں نمونیا سے متاثر 5سال سے کم عمر بچوں کی تعداد بڑھ کر 11ہزار 551تک پہنچ گئی۔
پنجاب ،نمونیا سے مزید14ننھی کلیاں مرجھا گئیں،ہزاروں بچے متاثر

















