نواز شریف کی تاریخی انتخابی ریلی، والہانہ استقبال،شاندار آتشبازی،پھول،نوٹ نچھاور

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے اپنی صاحبزادی و پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ہمراہ انتخابی حلقے این اے 130 میں تاریخی انتخابی ریلی نکالی، کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مختلف پوائنٹس پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔


ریلی کے موقع پر گھڑ ڈانس دکھایا گیا ،آتشبازی کی گئی ،رنگے برنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے ، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے میاں صاحب آئی لو یو ، میاں تیرے جان نثار بے شمار بے شمار کے نعرے لگاتے رہے ۔

راستے میں آنےوالے گھروں کی چھتوں سے خواتین ،بچے اور دکانوں سے تاجر نواز شریف کی گاڑی ،ریلی کے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے،کئی مقامات پر کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے گئے۔

ریلی کا موہنی روڑ سے آغاز ہوا ،یونیک بیکری چوک سے ،آرائیں بلڈنگ چوک،کالے کی پلی،رحمان روڈ،لیبیا روڈ،کریم پارک ڈبل سڑک،چودھری جاوید آفس،مین بازار قصور پورہ،مسجد وزیر اسلام ،مکہ روڈ،میاں میڈیکل سٹور کریم پارک،یاسین روڈ،،آفتاب چوک امین پارک، گلی نمبر 9مین بازار،مین بازار کھوکھر ٹاﺅن ودیگر مقامات سے ہوتے ہوئے ضلعی کچہری پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔

نواز شریف ،مریم نواز نے بعض مقامات پر گاڑی سے باہر نکل کر ریلی کے شرکا کا شکریہ ادا کیا،پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے،اہلکاروں ،پارٹی رہنماﺅںنے گاڑی کو حصار میں لئے رکھا ۔