شوکت صدیقی کیس ،صرف تقریر پر جج کو ہٹایا جائے تو آدھی عدلیہ گھر چلی جائے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صرف تقریر پر جج کو ہٹایا جائے تو آدھی عدلیہ گھر چلی جائے، محتاط چلنا ہوگا کہیں اداروں کے درمیان قائم آئینی توازن خراب نہ ہو، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کےخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کےخلاف اپیل پر سماعت کی،سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے سوال کیا آپ شوکت صدیقی کے الزامات تسلیم کررہے ہیں یا مسترد؟ خواجہ حارث نے کہا تمام الزامات مسترد کررہے ہیں،شوکت صدیقی کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید الزامات کی تردید کررہے ہیں، یہی ہمارا کیس ہے سپریم جوڈیشل کونسل کو پہلے انکوائری کرانی چاہیے تھی پھر فیض حمید پر جرح کا موقع ملتا،چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوال کیا کیا انکوائری کی گئی تھی؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جب شوکت صدیقی نے تقریر تسلیم کرلی تھی تو انکوائری نہیں کی گئی،چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل کہہ چکے حقائق کی انکوائری نہیں ہوئی اب بتائیں کیا تجویزکرتے ہیں،کارروائی کیسے چلائیں؟ شوکت صدیقی کے الزامات سچے نہیں تو کیا ہوگا؟ شوکت صدیقی جو کہہ رہے ہیں مخالف فریق جھٹلارہے ہیں، کون سچا ہے کون نہیں ،پتہ لگانے کیلئے کیا کرنا ہوگا؟ انکوائری میں الزامات درست ثابت ہوں مگر لگائے پبلک میں پھر بھی ہٹایا جاسکتا ہے؟ مسئلے کا حل بھی ساتھ ساتھ بتائیں۔

شوکت صدیقی کے وکیل نے کہا سپریم کورٹ سپریم جوڈیشل کونسل کا حکم کالعدم قرار دے، تقریرکی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چیف جسٹس نے پوچھا سپریم کورٹ کیسے اور کس قانون کے تحت کمیشن بنانے کا حکم دے؟ ،حامد خان نے کہا سپریم کورٹ ماضی میں کمیشن تشکیل دیتی رہی ہے،جسٹس قاضی فائز نے سوال اٹھایا انکوائری میں الزامات غلط ثابت ہوتے ہیں توکیا جج کو ہٹانے کا فیصلہ برقرار رہے گا؟ جن پر الزام لگایا گیا ان کو فریق بنانے کا کہا، سچ کی کھوج کون لگائے گا اب؟ مسئلے کا حل ڈھونڈ رہے ہیں،عدالت عظمیٰ نے کہا آئینی اداروں کی تکریم کا سوال ہے، سوال ہے کیا حکم نامہ جاری کریں جس طرح الزامات لگائے گئے کیا ایک جج کیلئے مناسب تھا ،حقائق کو نہیں بھولنا چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا اگر تقریرکرنے پر جج کو ہٹایا جائے پھر تو آدھی عدلیہ گھر چلی جائے گی، بارکونسلز کی میٹنگز میں کئی ججز تقریریں کرتے ہیں، مسئلہ تقریر نہیں ،متن کا ہے، جج کا کوڈ آف کنڈکٹ جج کو تقریر کرنے سے نہیں روکتا، مسئلہ تب ہوتا ہے جب آپ اپنی تقریر میں کسی پر الزامات لگا دیتے ہیں، برطانیہ میں ججز انٹرویو بھی دیتے ہیں، امریکہ میں سپریم کورٹ ججزبحث مباحثوں میں حصہ لیتے ہیں اگر الزامات درست بھی ہیں توکیا شوکت صدیقی کا بطور جج طریقہ کار مناسب تھا؟ تقریریں بھی 2طرح کی ہوتی ہیں، جج کے تقریرکرنے پرپابندی نہیں، ایسا ہوتا تو بار میں تقاریرپرکئی ججز فارغ ہو جاتے، مسئلہ شوکت صدیقی کی تقریر میں اٹھائے گئے نکات کا ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کیا عدالت خود معاملے کی تحقیقات کرسکتی ہے؟ کیا سپریم جوڈیشل کونسل کوکیس آئینی طورپر ریمانڈ ہوسکتا ہے؟۔

خواجہ حارث نے کہا سپریم جوڈیشل کونسل کو کیس واپس نہیں بھیجا جاسکتا، شوکت صدیقی ریٹائر ہوچکے، بطورجج بحال نہیں ہوسکتے،چیف جسٹس نے کہا فریقین تسلیم کررہے ہیں مکمل انکوائری نہیں ہوئی، جج کےخلاف کارروائی میں پوچھا جاتا ہے شفاف ٹرائل کا حق کہاں جائےگا،اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا شوکت صدیقی کوبغیر انکوائری ہٹانا طے شدہ قانونی تقاضوں کے منافی ہے، جج کو انکوائری کے بغیر ہٹایا نہیں جاسکتا، بنیادی حق کا معاملہ ہے۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کیا شوکت صدیقی پر فرد جرم عائد ہوئی تھی؟ حامد خان نے کہا شوکاز نوٹس دیا گیا لیکن فرد جرم عائد نہیں ہوئی تھی، کونسل میں سابق چیف جسٹس اسلام آباد انور کاسی کےخلاف بھی کارروائی جاری تھی،جسٹس عرفان سعادت نے کہا شوکت صدیقی کےخلاف کارروائی 2 ماہ چلی، جواب بھی جمع کرایا گیا، کہنا درست نہیں شوکت صدیقی کو صفائی کا موقع نہیں دیا گیا انہوں نے 2جوابات بھی جمع کرائے تھے


جسٹس قاضی فائز نے کہا سپریم جوڈیشل کونسل مضبوط آئینی باڈی ہے،آپ کہہ رہے تھے انکوائری کمیشن بنادیں؟ جوڈیشل کونسل کی موجودگی میں کمیشن بنانے کی کیا ضرورت ہے؟ آرٹیکل 210 پڑھیں تو سپریم جوڈیشل کے پاس وسیع آئینی اختیارات ہیں، ہرآئینی باڈی یا ادارے کے پاس آزادانہ فیصلے کا حق ہے، سپریم کورٹ سپریم جوڈیشل کونسل سمیت کسی آئینی ادارے کی نگراں نہیں ، سپریم کورٹ صرف آئینی خلاف ورزی کی صورت میں حرکت میں آسکتی ہے،موجودہ کیس میں بہت محتاط چلنا ہوگا کہیں اداروں کے درمیان قائم آئینی توازن خراب نہ ہو، شوکت صدیقی کیس کا فیصلہ بھی 50 سال تک بطورعدالتی نظیراستعمال ہوسکتا ہے، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ،2،3آئینی اداروں کا معاملہ ہے، ایک سکے کو ہوا میں پھینک کر فیصلہ نہیں کر سکتے اگر الزامات سچ ثابت نہیں ہوتے تو کیا ہوگا،قوم کو بھی پتہ چلنا چاہیے الزامات سچے ہیں یا جھوٹے،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے سماعت کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہاعدالتی کارروائی کے دوران اٹھائے گئے سوالات پر فریقین تحریری جوابات جمع کرائیں،عدالت نے وکلا سے پوچھا ہے کیا جوڈیشل کونسل نے انکوائری کی؟ اگر انکوائری آئین و قانون کے تحت نہیں ہوئی توکیا نتیجہ ہو گا، شوکت عزیزکی عمر 30 جون 2021 کو 62 سال مکمل ہو چکی، شوکت عزیزکی اپیل اب منظور ہوئی تو کیا ریلیف دیا جا سکتا ہے؟،کیا سپریم کورٹ سپریم جوڈیشل کونسل کو معاملہ دوبارہ بھیج سکتی ہے اگر کونسل کارروائی کی ضرورت نہیں توکیا شوکت صدیقی کی تقریربذات خود کوڈ آف کنڈکٹ کیخلاف نہیں،وکلا کو عدالتی سوالات پر جواب کیلئے 3ہفتے دے دیئے ،چیف جسٹس نے کہا فیصلہ محفوظ ہے جوابات کا جائزہ لیکرضروری سمجھا تودوبارہ عدالت بیٹھ سکتی ہے،حکمنامے میں مزید کہا گیا جنرل (ر)فیض حمید اور بریگیڈیئر عرفان رامے کو نوٹس دیا گیا، خواجہ حارث پیش ہوئے ، جوابات جمع کرائے، جوابات میں الزامات کا جواب دیا گیا، سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اپنا جواب جمع کرایا۔