ہائی رائز عمارات کی تعمیر ،سرمایہ کاروں کو راغب کیاجائے:وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کے لیے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے کے امور پر اہم اجلاس ہوا ،وزیراعظم کو اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی بائیسکل لینز کا منصوبہ اسلام آباد کےلئے ایک ماحول دوست منصوبہ ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے، اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کےلئے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے، اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کےلئے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کےلئے ہائی رائز عمارات کی تعمیر کےلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلئے مو¿ثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی، انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں پانی کے مسئلے کے جلد از جلد حل کی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا اسلام آباد میں پارکنگ کے مسئلے کے حل کےلئے پارکنگ کےلئے مخصوص عمارتیں تعمیر کی جائیں۔