سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تلخی، ا ب تو مدر آف آل سلیکٹڈ ہو رہا ہے،عمران خان


راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ،سائفر کیس کی سماعت ختم ہونے پر عمران خان میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ کی جانب سے روکنے پر سابق وزیراعظم غصے میں آگئے۔

عمران خان نے کہا اوپن کورٹ ہے، مجھے کوئی میڈیا سے بات کرنے سے نہیں روک سکتا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا میڈیا کورٹ پروسیڈنگ کی کوریج کےلئے آتا ہے، سیاسی گفتگو سننے نہیں، عمران خان نے کہا مجھے ہائی کورٹ نے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، میں میڈیا سے بات کروں گا، کوئی نہیں روک سکتا،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا عدالت نے اگر آپ کو میڈیا سے بات کی اجازت دی ہے تو تحریری آرڈر دکھا دیں، میں جج سے بات کروں گا، بعد ازاں ڈی آئی جی پریزن راولپنڈی ریجن بھی کمیونٹی سینٹر پہنچے،میڈیا نمائندوں کو باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاہمیںساڑھے 3سال سلیکٹڈ کہا گیا لیکن جس طرح نواز شریف کو لایا گیا یہاں تو اب مدر آف آل سلیکٹڈ ہو رہا ہے، ملکی تاریخ میں ایسی سلیکشن کبھی نہیں ہوئی، سرٹیفائیڈ منی لانڈرر کے تمام کیسز ختم کر دئیے گئے،نگران حکومت ،الیکشن کمیشن بھی مجرم کی مدد کر رہے ہیں، سی سی پی او لاہور تو سرٹیفائیڈ مجرم کو سلیوٹ مار رہا ہے، غلام بنا رہے ہیں، ساری پارٹی کو کہتا ہوں اتوار کو باہر نکلے۔

سابق وزیراعظم نے کہاجمہوریت کا مطلب غلامی نامنظور اور آزادی ہے، مہم قانون کی حکمرانی کےلئے ہے ،قانون کی حکمرانی بھی آزادی کی ضمانت دیتی ہے، لیکن چور کبھی ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثنا عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس میں سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سمیت 4گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے،اڈیالہ جیل راولپنڈی میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابق سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم ، اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد اوید ارشاد نے بیانات قلمبند کرا ئے۔

سہیل محمود نے کہا ستمبر 2022 میں ریٹائرمنٹ ہوئی، تب تک سائفر کی کاپی وزارت خارجہ کو واپس نہیں ملی تھی،پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مداخلت پر قریشی نے اعتراض اٹھایا سامنے لکھا ہوا بیان سامنے ہے، گواہ کو معلوم ہے کیا بیان دینا ہے،سابق سیکرٹری خارجہ دیانت دار آدمی ہیں احترام کرتا ہوں، میں جانتا ہوں پراسیکیوٹر کیا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اگر آپ کو ایسے ہی کرنا ہے تو لکھا ہوا فیصلہ لائیں اور سنا دیں، پراسیکیوشن کودوران بیان مداخلت کا کوئی حق نہیں ، پراسیکیوٹر گواہ کو لقمے دینے سے گریز کرےں،پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے جواب دیا کیا میں نے کوئی گمراہ کن سوال کیا ہے؟ شاہ محمود قریشی نے کہا اگر پراسیکیوشن متوازن انداز سے چل رہی ہوتی تو کیا 2 بار ہائیکورٹ کیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دیتی؟۔

بار بار کارروائی میں مداخلت کرنے پر عدالت کے جج نے سابق و زیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا شاہ صاحب آپ ایسا نہ کریں ،طرز عمل مناسب نہیں،شاہ محمود قریشی نے کہااگر پراسیکیوٹر بولے گا تو میں بھی ضرور بولوں گا ،خاموش نہیں رہوں گا،قریشی کے وکیل علی بخاری نے عدالت سے استدعا کی آپ سے گزارش ہے گواہ کا بیان خود لکھوائیں،جج ،قریشی کے مکالمے کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی روسٹروم پر آئے اور کہاصرف ڈونلڈ لو کو بچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

عدالت کے جج نے دوبارہ شاہ محمود قریشی کو مخاطب کیا شاہ صاحب! ایسا اچھا نہیں لگتا کارروائی بہتر انداز میں چل رہی ہے تو آگے بڑھنے دیں،شاہ محمود قریشی نے کہا سابق وزیراعظم ،سابق وزیر خارجہ اگر سیکرٹری خارجہ پر اعتماد کر رہے ہیں تو پراسیکیوشن مداخلت کیوں کر رہی ہے؟عدالت نے شاہ محمود قریشی کے اعتراض پر پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو گواہ کے بیان قلم بند کرانے کے دوران مداخلت سے روک دیا،کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔

دوسری جانب190 ملین پاونڈ اور توشہ خانہ نیب کیسز میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے جیل ٹرائل پر فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بہتر ہے ٹرائل میں کوئی خامی ہے تو ٹھیک کر لیا جائے،وکیل شعیب شاہین نے کہا روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جا رہی ہے، 11گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے، استدعا ہے آئندہ سماعت تک ٹرائل پر حکم امتناعی جاری کر دیں۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے ابھی کونسا ٹرائل مکمل ہو رہا ہے، آئندہ سماعت پر دیکھ لیتے ہیں، دیکھنا ہے وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن قانون کے مطابق ہے؟عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت کی رپورٹ کی کاپی شعیب شاہین کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا،وکیل شعیب شاہین نے کہا اگر عدالت ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر حکم امتناع نہیں دے رہی تو سماعت منگل کو رکھیں، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔