ایران میں بی ایل ایف کے ٹھکانوں پر پاکستانی سٹرائیک، ہلاک دہشت گردوں کی تفصیلات منظرعام پر

اسلام آباد (مشرق نیوز) ایران میں بی ایل ایف کے ٹھکانوں پر پاکستانی سٹرائیک میں ہلاک دہشت گردوں کی ابتدائی تفصیلات سامنے آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران میں پاکستانی حملے میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں میں دوستہ عرف چیئرمین، ساحل عرف شفق، محمد وزیر عرف وازو، سرور ولد اصغر اور بجر عرف سوغات شامل ہیں۔

پاکستانی سٹرائیک میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد دوستہ عرف چیئرمین ضلع پنجگور کا رہائشی تھا۔ دہشت گرد دوستہ عرف چیئرمین نے 2013 میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی، وہ بی ایل ایف کے کمانڈر فضل شیر عرف طاہر گروپ کا رکن تھا۔ دوستہ عرف چیئرمین زامران سیکٹر میں منشیات فروشی اور لوٹ مار کے علاوہ پروم سیکٹر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث رہا۔

ہلاک دہشت گردوں میں ضلع پنجگور کے رہائشی اصغر عرف بشام کا بیٹا سرور بھی شامل ہے جس نے 8 جون 2021 کو فرنٹیئر کور کی پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی۔ فروری 2023 میں مذکورہ دہشت گرد کی پنجگور کے بس سٹینڈ پر فائرنگ سے انصر نامی شہری اور 21 نومبر 2023 کو 1 سپاہی شہید ہوا۔

ہلاک دہشت گرد محمد وزیر عرف وازو 14-2013 میں بلوچ ریپبلکن آرمی میں شامل ہوا، جس نے 2019ئ میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی۔ دہشت گرد وزیر عرف وازو بی ایل ایف کے دہشت گرد عابد عرف چاکر کا بھائی تھا۔ دہشت گرد وزیر عرف وازو نے 4 مارچ 2023 کو پل ناکہ پوسٹ پر گرنیڈ حملہ کیا،یہ دہشت گرد پروم، گوارگو اور ضلع پنجگور میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں شامل رہا۔

محمد وزیر عرف وازو نے ضلع پنجگور کے احمد اللہ اور عامر کو حملہ کر کے شہید کیا، اس نے یکم مئی 2023 کو کسٹم آفس ایریا کے قریب ایف سی کے کانوائے پر بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد بجر عرف سوغات 2016 سے بی ایل ایف کا حصہ تھا، جوپروم سیکٹر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا۔

دہشت گرد بجر نے 7 مارچ 2023 کو نذیر ولد بہرام کو اس کی رہائش گاہ سے اغوا کیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں شامل ساحل لنگ عرف شفق معصوم پاکستانی شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھا۔ ساحل لنگ عرف شفق دہشت گرد بلبل کا بھائی تھا جو مارگٹ اور ہرنائی کے علاقے میں بھتے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔