اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، سابق وزیراعظم عمران خان پر سنگین الزامات ہیں، سزا ہو چکی اورکوئی بھی ملک سنگین جرائم میں ملوث کسی شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا۔
”ویان نیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، نگران حکومت آئین کےخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی،وزیر اطلاعات نے کہا ”ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے،لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے،امید ہے انتخابات سیاسی استحکام کا باعث بنیں گے،نتائج کاانتظار کرنا چاہیے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا پاکستان ،افغانستان کے تعلقات کا مکمل انحصار عبوری حکومت کے طرز عمل و اقدامات پر ہے اگر افغانستان کی عبوری حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو پناہ دیتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا مستقبل ٹھیک نہیں لگتا،وزیر اطلاعات نے مزید کہادہشتگرد جب تک ہتھیار نہیں ڈال لیتا اور پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کرلیتا بات چیت نہیں ہو سکتی،امید ہے پاکستان،بھارت میں انتخابات کے بعد مینڈیٹ حاصل کرنے والی حکومتیں دیرینہ مسائل پر بات کر سکتی ہیں۔
عمران کو سزا ہوچکی، کوئی ملک مجرم تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا، سولنگی

















