سیاسی جماعتوں کے وعدے ڈھونگ، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا،شہریوں کا ”مشرق“ سروے میں اظہار خیال
لاہور (اپنے نمائندے سے) ملک میں عام انتخابات کے موقع پر شہریوں نے روزنامہ ”مشرق“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعوے دیکھنے میں آرہے ہیں جو کہ پولنگ ڈے تک محدود ہیں، تاریخ میں سیاسی قائدین کے جھوٹ سنہری حروف میں تحریر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت یونٹس کی فراہمی کا تعلق عوام کے ساتھ مذاق ہے، تمام سیاسی جماعتیں عوامی مفادات کے نام پر ذاتی مفادات کی سیاست کررہی ہیں۔ اس دفعہ بھی ملک اور عوام کو لوٹنے والے ایک پیج پر ہیں، عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملتا، نتائج پہلے سے ہی تیار ہیں۔ شہری حافظ سلمان کا کہنا ہے کہ مفاد پرست سیاسی جماعتوں نے ملک اور قوم کو تباہ کر دیا ہے۔ الیکشن کے موقع پر عوام سے اظہار ہمدردی اور فتح کے بعد اظہار بیزاری سیاسی قائدین کو زاتی مفادات کے حصول کی خاطر عوامی مفادات کی قربانی دینے سے دریغ تک نہیں کرتے، اس وقت تمام ملک اور قوم کا مال لوٹنے والے ایک پیج پر ہیں اور عوام کو فری بجلی کی یونٹس کی فراہمی کے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہری سعید بلوچ ،رانا اشفاق نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں سیاسی فنکار اپنے پرانے سکرپٹ کے مطابق اداکاری کرتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیںے پولنگ ڈے تک عوام سے محبت اور ملاقاتیں کی جاتی ہیں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ہی عوام سے دوری اختیار کر لی جاتی ہے اور آئندہ انتخابات تک اسی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کیا جاتا ہے اور سادہ عوام ہر دفعہ ان کی جھوٹی باتوں کے سامنے بے بس ہو جاتے ہیں اور ان مفاد پرست سیاستدانوں کو دوبارہ منتخب کرلیتے ہیں۔ شہری ایاز ملک ،عابد حسین ،کامران ،مدثر راجپوت ،آفاق محمود اور دیگر نے کہا جو سیاسی جماعتوں کے قائدین کا رویہ ہے اس کے مطابق ووٹ دینے کی بجائے نہ دینا بہتر سمجھتے ہیں لیکن اگر ووٹ دینا بھی پڑا تو ایسی سیاسی جماعت کو ووٹ دیا جائے گا جو عوام کی خاطر اچھی سوچ رکھتی ہے اور اس پر کام کرنا چاہتی ہے لیکن اس طرح کی عوام سے محبت کرنے والے سیاسی جماعتوں کو اقتدار حاصل نہیں ہوتا ملک میں تو عوام کے مفادپر ذاتی مفادات حاصل کرنے والے سیاسی قائدین الیکشن کی فتح کی خاطر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ اقتدار کے بعد ان اخراجات کو سود سمیت عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر پورا کیا جا تا ہے پاکستان میں سیاست عبادت اور عوامی خدمت کی خاطر نہیں کی جا رہی بزنس کے طور پر کی جا رہی ہے جس کو اقتدار ملا اس نے ہی ملک اور قوم کو یرغمال بنالیا اور مہنگائی کا طوفان پیدا کیا جاتا ہے۔ اس دفعہ کے ہونے والے 8فروری 2024کے انتخابات میں بھی سب سیاسی فنکار عوامی اور ملک کی خدمت کا دعوی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جو کہ ماضی کی طرح کا ڈرامہ کے سوا کچھ نہیں، عوام کا کردار پولنگ ڈے تک ہے۔


















