معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ،خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا،جسٹس قاضی فائز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا،قوم کے پیسے سے چلنے والا ہر ادارہ عوام کا ہے،عدالتی فیصلوں و کارروائیوں کی معلومات عوام تک پہنچتی ہے، معلومات موثر ہتھیار ، عوام تک معلومات پہنچانا اچھا اقدام ہے،مثبت روشنی دکھانے سے ہی معاشرہ تبدیل ہوسکتا ہے، آئین کی شق 19میں آزادی صحافت کا ذکر ہے، معلومات سے ہی احتساب کا عمل شروع ہوتا ہے،اپنا احتساب خود کرنے کا فیصلہ کیا،عدلیہ کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کی سہ ماہی رپورٹ پیش کر رہے ہیں، سہ ماہی رپورٹ میں اہم فیصلوں کا حوالہ دیا ،بتایا گیا کتنے کیسز دائر ہوئے اور کتنے کیسز کا فیصلہ ہوا،سپریم کورٹ کا سامنے والا حصہ پبلک کےلئے کھول رہے ہیں۔

اعلیٰ عدلیہ کی رپورٹنگ کرنےوالے صحافیوںکی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا روشنی دکھاتے چلیں تو معاشرہ ٹھیک ہو سکتا ہے، کچھ دن پہلے مختار علی کا کیس آیا،فیصلہ کیا قانون کے تحت تو نہیں، آئین کے تحت سپریم کورٹ کی معلومات فراہم کی جائےں،قانون کہتا ہے وفاقی حکومت کے تابع اداروں پر معلومات فراہم لازم ہے، سپریم کورٹ ایسا ادارہ نہیں مگر سپریم کورٹ بھی شق 19اے کے تحت بنیادی حقوق کی تابع ہے، حکم دےدیا رجسٹرار 7دن میں معلومات فراہم کرے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاسپریم کورٹ کے فیصلے پر معلومات تک رسائی اب حق ہے، پہلے سوال کیا جا سکتا تھا آپ کو معلومات کیوں چاہیے، اب الٹ ہو گیا اب متضاد ہے معلومات کیوں فراہم نہیں کرتے، 4سال تک فل کورٹ کی میٹنگ نہیں ہوئی تھی، آتے ہی فل کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا،فی الوقت 2اہم کیس براہ راست دکھا رہے ہیں، تقریباً ہر اہم فیصلے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر لگا دئیے جاتے ہیں اب جو شخص یا ادارہ معلومات نہیں دینا چاہتا اسے بتانا چاہیے کیوں نہیں دے رہا۔

چیف جسٹس نے مسکرا کر مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہمیشہ کی طرح اطہر من اللہ سمارٹ لگ رہے ہیں،ساتھیوں نے لائیو براڈ کاسٹ پر اتفاق کیا،جسٹس اطہر اور جسٹس علی مظہر کی کاوشوں سے لائیو عدالتی کارروائی ممکن ہوئی،معلومات ہی سے احتساب کا عمل شروع ہوتا ہے، اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کے ناموں کی فراہمی پر کمیٹی نے بہت کام کیا، ایک دوسرے کو شک کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے، کسی قوم کی تقدیر بدلنے کا طریقہ صرف تعلیم ہے،سپریم کورٹ کے اہم و آئینی فیصلے موجود ہیں، 3ماہ کے دوران5305مقدمات نمٹائے گئے، پہلی بار ہوا داخل کیسز سے زیادہ مقدمات نمٹائے گئے، عوام کو ہر ہفتے بتاتے ہیں کتنے مقدمات دائر ہوئے کتنے نمٹائے گئے، ہر ادارہ عوام کا ادارہ ہے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاپہلی بار خاتون سیشن جج کو رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کیا گیا، سپریم کورٹ کے سامنے رکاوٹیں دور کر کے عوام کی 50گاڑیوں کی گنجائش نکالی گئی،بنیادی حقوق کا مونومنٹ (یادگار) بنا رہے ہیں ،مونومنٹ کے قیام کا مقصد عام آدمی تک رسائی ہے ،یادگار عوام کےلئے تصاویر بنانے کےلئے کھلی رہے گی،ججز نامزدگی طریقہ کار سے وکلا برادری خوش نہیں تھی کمیٹی کام کر رہی ہے جلد ہی حل ہو جائے گا ،اچھے ججز مقرر کیے جانے چاہئیں تاکہ کام اچھا ہو ایک دوسرے کو شک کی نظر سے نہ دیکھیں۔

چیف جسٹس نے کہا100کے قریب شکایات ججز کےخلاف، کچھ ججز کو بھیجی گئیں اگر صحیح کام کیا جاتا تو اتنی شکایات اکٹھی نہ ہوتیں،کسی نے کہا تھا اپنا حال دل صحافیوں کو نہ سنانا کہ کہاں حال دل سنا بیٹھے، صحافی ایک ہی بات لکھیں گے کئی زاویوں سے۔