راولپنڈی:(بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی، میں کہتا ہوں الیکشن سے 3 دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں سیاسی مخالفین کو لگ پتہ جائے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاتوشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا، سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر جرح کی گئی،ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ تک پہنچا دیا گیا، تحائف کی قیمت میں اضافہ ”صاحب“ کو خوش کرنے کےلئے کیا گیا ۔
عمران خان نے کہا مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا، سزا یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا، میری نااہلی کےخلاف اپیل و انسانی حقوق کےلئے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا، کیسی جمہوریت ہے پی ٹی آئی امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے،کاغذات نامزدگی کی مستردگی کےخلاف لاہور ہائی کورٹ فیصلے کے باوجود 4 روز سے تحریری آرڈر جاری نہیں کر رہا،جانبدار الیکشن سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا، ملک کابیڑا غرق ہو جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہامفرور کو مسلط کیا جا رہا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن آخری گیند تک لڑیں گے، 5 اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا، ابھی نندن کے معاملے پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی سب جھوٹ ہے،پی ٹی آئی کو چھوڑنے والااپنا سیاسی مستقبل ختم کر ے گاالیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے،الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔
ایک جلسہ کرنے دیں سیاسی مخالفین کو لگ پتہ جائے گا،عمران خان



















