سیکرٹری و ڈی جی سو فیصد بجٹ پر قابض،ٹیکس ریکور کرنیوالے ایکسائز ملازمین جیب سے دفتری اخراجات پر مجبور

لاہور (علی جنید) سیکرٹری ایکسائز اور ڈی جی ایکسائز کی مبینہ غفلت، عوام سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹوں کی بروقت فراہمی سے محروم، دوسری طرف ملازمین مکمل بجٹ اور سہولیات کے فقدان کے باوجود بھی 100 فیصد ٹیکس ریکوری کر رہے ہیں۔ ملازمین کو پراپرٹی ٹیکس کے چالان پرنٹ کرنے کیلئے کاغذ کے بنڈل بھی اپنی جیب سے خریدنے پڑتے ہیں جبکہ ٹوکن ٹیکس کے ناکے لگانے والے اہلکار گاڑیوں میں ڈیزل بھی اپنی جیب سے ڈلواتے ہیں۔ سیکرٹری و ڈی جی ایکسائز سارا بجٹ خود کھا جاتے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو اپنی تنخواہوں سے دفتری معاملات چلانے پڑ رہے ہیں۔ ایف آئی اے کے کانسٹیبل، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈرائیور، ڈولفن پولیس کے کانسٹیبل، ایس اینڈ جی اے ڈی ،ہائیکورٹ اور پنجاب پولیس کے کلرک کی تنخواہ بھی ایک ایکسائز انسپکٹر سے زیادہ ہے جو کہ ٹیکس کی وصولی جیسے اہم منصب پر فائز ہے اور اس سب کے باوجود پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ہر سال سو فیصد سے زائد ریکوری کر رہا ہے اور پھر بھی انکو سیکرٹری اور ڈی جی ایکسائز کی طرف سے نا انصافی کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔