مفت بجلی،تنخواہیں 3گنا کرنے کاوعدہ ”چیپ ٹاک“ ،ملکی مستقبل سے سیاست نہیں کرنی چاہیے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے 300یونٹ مفت بجلی،تنخواہیں 3گنا کرنے کاوعدہ ”چیپ ٹاک“ ہے، ملکی مستقبل سے کھیل کر سیاست نہیں کرنی چاہیے،سکیورٹی مسائل کا ادراک ہے، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

سیمینار،تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاپی ٹی آئی کے معاملات کا پی ٹی آئی ہی بہتر بتا سکتی ہے، پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی ہے،الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی و سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں، سکیورٹی کے حقیقی مسائل کا ادراک ہے،بہتر کریں گے۔

وزیراطلاعات نے کہاملک میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں ،انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے، الیکشن کمیشن انتخابات وقت پر کرانے کیلئے ڈٹ کرکھڑا ہوا ہے ،سیاست قومی مشغلہ بن چکا ،کہنے کو بڑا آسان 300یونٹ تک بجلی فری دوں گا ،کوئی کہتا ہے تنخواہیں دگنا، کوئی کہتا ہے3گنا کردوں گا یہ چیپ ٹاک ہے، زراعت آپ کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی ہے پچھلے سال چاروں صوبوں سے زراعت انکم ٹیکس 3 ارب کے قریب جمع ہوا، ملازمین نے پچھلے سال ایکسپورٹرز سے زیادہ ٹیکس دیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا1985 کے بعد سے سیاسی کلچر بن چکا ایم پی ایز، ایم این ایز گلیاں نالیاں بنوا رہے ہیں آئین کے دیباچے میں لکھا ہے منتخب لوگ ملک چلائیں گے، غیرمنتخب لوگوں کے پاس حکومت چلانے کا اختیار ہے نہ ہونا چاہیے، الیکشن کے دورمیں جھوٹی خبریں ،جھوٹے وعدے ضرور ہوں گے،الیکشن مہم میں اگر کوئی جھوٹا وعدہ کرے اور تو بتائیں وعدہ پورا نہیں ہوسکتا،معیشت، اقتصادیات کی بہتری وقت کی ضرورت ہے اور سیاست معیشت ،اقتصادیات کا ارتکاز ہے، اپنی زیادہ تر ضروریات قرضوں پر چلائیں، سیاسی جماعتیں گڑھے سے نکلنے کا منشور دیں، ساری جنگ معیشت اور اقتصادیات کی ہے، اصل مسائل صحت ،تعلیم کے ہیں، ملکی مستقبل سے کھیل کر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہاکسی دہشت گرد گروہ سے ہتھیار ڈالنے تک مذاکرات نہیں ہوں گے ،دفتر خارجہ وضاحت کر چکا فضل الرحمن کا دورہ افغانستان غیر سرکاری ہے اگر کوئی سیاستدان 2 ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے میں تعمیری کردار ادا کرتا ہے تو خیرمقدم کرنا چاہئے، انتہاپسندی ،دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہےں، نوجوان نسل کو انتہاپسندی سے بچانے کےلئے اقدامات کی ضرورت ہے، دہشتگردی کا مسئلہ حل کئے بغیر کوئی ملک معاشی ترقی کے سفر کا آغاز نہیں کر سکتا۔