الیکشن التواءقرارداد،آرٹیکل 6 کی کارروائی کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد،لاہور،مردان:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کرنے پرچیئرمین و سینٹ اراکین کیخلاف سپریم کورٹ میںدرخواست دائر کردی گئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیارکیا سینٹ کی منظور کردہ قرارداد کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا جائے،قرارداد پاس کرنےوالے ممبران کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے،وکیل اشتیاق مرزا نے کہاسینٹ میں قرارداد پاس کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ، الیکشن وقت پر نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی ہے،چیئرمین سینٹ و ممبران کیخلاف توہین عدالت کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

دریں اثناسینٹ قرارداد الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد پر اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا،اجلاس جلد بلایا جائے گا،مزید برآں الیکشن کمیشن نے قرارداد پرشائع ہونےوالی خبروں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا،ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاسینٹ سے منظور ہونےوالی قرارداد پر کسی قسم کا بیان، اعلامیہ جاری نہیں کیا۔

ادھر سینٹ میں آزاد گروپ کے پارلیمانی لیڈر دلاور خان نے کہا ہے قرارداد کیلئے کہیں سے اشارہ نہیں ملا ، فیصلہ مشاورت سے آزاد پارلیمانی گروپ میں کیا،قرارداد کے پی ،بلوچستان میں جاری دہشتگردی اور موسمی مشکلات کو مد نظر رکھ کر لائے اگر کسی کو اعتراض تھا تو نشاندہی کرتے ، قرار داد کےساتھ دوسرے پارٹی کے سینیٹرز نے بھی اتفاق کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلاور خان نے کہاانتخابات کےخلاف نہیں ،میرا بیٹا ،بھائی خود الیکشن لڑ رہے ہیں، الیکشن 2 یا 3ہزار لوگوں کی ضرورت ہے پورے ملک کی نہیں ، عوام کو سستی روٹی ، کپڑا ، بجلی ، گیس ،امن چاہیے، موجودہ نگران حکومت گزشتہ کئی حکومتوں سے بہتر ہے، ڈالر نیچے،سرمایہ کاروں کی مشکلات کم ہو رہی ہیں۔