فائر ریسکیورز پوری قوم کے گمنام ہیرو ہیں : ڈاکٹر رضوان نصیر
لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز اور پنجاب کے تمام اضلاع کے افسران اور ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز کے افسران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے یہ ایوارڈز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقدہ سالانہ ریسکیو پرفارمنس ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں تقسیم کئے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان ریسکیورز میں سالانہ ایوارڈز تقسیم کیے جنہوں نے ہر کٹیگری میں سب سے زیادہ ہنگامی حالات سے بہترین کاررکردگی کا مظاہر ہ کیا جس میں بہترین کال ڈسپیچر، میڈیکل ریسکیور، فائر ریسکیور، اور ریسکیو ڈرائیور شامل ہیں۔ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی آپریشن کی کامیابی کا دارومدار بروقت کال کرنے، ہنگامی صورتحال کو سمجھنے، فوری فیصلہ کرنے اور جائے حادثہ پر ہنگامی ٹیموں کو روانہ کرنے پر ہوتا ہے۔ کال ڈسپیچر لاہور آصف اکبر نے ہنگامی حالات میں 8898 متاثرین کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور پیشہ ورانہ مدد کے موقع پر پہنچنے تک ٹیلی سی پی آر کے ذریعے کئی جانیں بچائیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین کال ڈسپیچر ریسکیور ایوارڈ دیا گیا ہے۔بہترین میڈیکل ریسکیور کا ایوارڈ بہترین ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کو دیا جاتا ہے جو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال بشمول روڈ ٹریفک حادثات، طبی ہنگامی صورتحال میں بھی خدمات انجام دیتے ہیں حتیٰ کہ کوویڈ وبائی مرض میں بھی جب متاثرین کے عزیز اپنے رشتہ داروں کے قریب جانے سے ہچکچاتے تھے ۔ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن، لاہور محمد خرم نے 2023 میں سب سے زیادہ 1913 ایمرجنسیز پر ریسپانس کیا اور اسلئے انکی خدمات کی بدولت بہترین میڈیکل ریسکیور کا ایوارڈ دیا گیا۔ فائر ریسکیورز قوم کے گمنام ہیرو ہیں جو آتشزدگی کے واقعات کے متاثرین کی جان و مال کو بچانے کیلئے شعلوں سے لڑتے ہیں۔ فائر ریسکیو، فیصل آباد عابد حسین نے کئی بار اپنی جان خطرے میں ڈال کر 583 فائر ایمرجنسیز میں فائر فائٹنگ کرتے ہوئے کئی قیمتی جانوں اور املاک کو بچایا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین فائر ریسکیور کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسطرح ریسکیو ڈرائیور ہمت رکھنے والے افراد ہیں جو ٹریفک کی بھیڑ یا شدید موسم یا مشکل راستوں کے دوران بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ریسپانس کو یقینی بناتے ہیں۔ 2023 میں ریسکیو ڈرائیور، لاہور محمد یاسین نے سال 2023 میں 1957 ایمرجنسیز پر فوری ریسپانس کیا جس کے نتیجے میں متعدد متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین ریسکیو ڈرائیور کا ایوارڈ دیا گیا۔ مزید براں موٹر بائیک ریسکیو سروس نے پنجاب میں 1.8 ملین ایمرجنسیز پہ ریسپانس کیا اور ریسکیو موٹر بائیکس کی سب سے زیادہ تعداد بھی ضلع لاہور میں ہے جہاں ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد اعظم نے لاہور میں 4 منٹ کے اوسط ریسپانس ٹائم کو یقینی بنانے، ریسکیورز کی حوصلہ افزائی اور موٹر سائیکلوں کی دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین موٹر بائیک ریسکیو آفیسر کا ایوارڈ دیا گیا۔ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز کے وسیع ایرایا میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے، جس کے لیے ہیڈ آف لاءاینڈ ایڈمن، علی حسن نے اپنے عملے کی حوصلہ افزائی کی اور تمام علاقوں کی مناسب ہا¶س کیپنگ کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے فیول منیجمنٹ کیلئے ایک آن لائن مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین ایڈمن آفیسر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔سال 2023میں بہترین خدمات سر انجام دینے والی اقوام متحدہ کے انسراگ سے سرٹیفائیڈ پاکستان ریسکیو ٹیم جس نے اپنے کمانڈر ڈاکٹر رضوان نصیر کی سربراہی میں حالیہ ترکی کے زلزلے میں رسپانس کیا۔ انہوں نے پو ری ٹیم کی خدمات کا اعتراف کیا ا اور ڈپٹی ٹیم لیڈر پی آر ٹی محمد احسن، ٹیم ڈاکٹر ،ڈاکٹر علی امام سیداور سکواڈ لیڈر ابرار حسن کو 2023 کے دوران ترکی میں مختلف مقامات پر ریسکیو آپریشنز کی قیادت کرنے اور 2023 کے دوران فیلڈ فارمیشنز کو اقوام متحدہ کی انسراگ کے معیار پر تربیت فراہم کرنے پر انہیں بہترین ایواڑ سے نوازا۔آخر میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ایوارڈ یافتہ ریسکیورز کیلئے دوگنی تنخواہ کے ایوارڈ کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ ریسکیورز پوری لگن اور محنت کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔


















