لاہور(حافظ کاشف سندھو سے )لاہور میں جگہ جگہ نشئیو ں نے ڈیرے جما لیے،مختلف درباروں ، میٹرو پل اسٹیشنز ،بس اسٹاپس ،تعلیمی اداروں ، گراونڈز اور تفریح گاہوں سمیت ہر جگہ نشئیوں کی ٹولیاں دیکھنے کو ملتی ہیں جو سرعام نشہ کرتے نظر آتے ہیں مختلف اقسام کے نشے کی تیز بدبو نے شہریوں کو سانس لینا مشکل بنا دیا۔
ہر جگہ نشئیوں کی بھر مار سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہر میں منشیات کی فروخت کا مکروہ دھندہ وسیع پیمانے پر جاری ہے اور پولیس منشیات فروشوں کا خاتمہ کرنے میں بری طرح ناکام ہے چھوٹے کارندوں کی پکڑ دھکڑ اور رشوت وصولی کی وجہ سے بڑے ڈیلر باآسانی بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں پولیس کا خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے سے نوجوانوں میں منشیات کا استعمال خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے ۔
خصوصا مخلوط تعلیمی اداروں میں طالب علموں میں آئس کا استعمال فیشن کے طور پر کیا جا رہا ہے آئس کے بے جا استعمال کی وجہ سے شہر و گردونواح کے کئی نوجوان موذی نشے کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، نوجوان سیگریٹ کا استعمال فیشن کے طور پہ شروع کرتے ہیں بعد ازاں مختلف نشوں میں مبتلاہو بے رحم موت کا شکار بن جاتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔
شہریوں و سیاسی و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسداد منشیات ،وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب سے لاہور میں منشیات کے خاتمے کےلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں نشئیو ں کے ڈیرے ،نوجوان نسل کامستقبل تباہ،متعدد ابدی نیند سو گئے


















