فواد حسن کو فواد ہٹانے کی درخواست مسترد،کسی جماعت کو انتخابات سے محروم نہ کیا جائے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر نجکاری فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد، الیکشن کمیشن نے عزیز الدین کاکا خیل کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا فواد حسن فواد ماضی میں اہم پوزیشن پر کام کرتے رہے ،درخواست بادی النظر میں ذاتی رنجش کا باعث لگتی ہے، سیاسی وابستگی کا الزام ثابت نہیں ہوا،فواد حسن فواد بطور بیورو کریٹ اچھی شہرت کے حامل رہے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی امیدواروں کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی عدم دستیابی شکایات پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کو الیکشن لڑنے کے حق سے محروم نہ کرنے کاحکم نامہ جاری کردیا،حکم نامے میں کہا گیا امیدواروں ،سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کی جائے تاکہ آزادی سے انتخابات میں حصہ لے سکیں۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب کو لکھے مراسلے میں کہاکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں امیدواروں ،تائید کنندگان کی حفاظت یقینی بنائی جائے،کسی سیاسی رہنما یا جماعت کو بنیادی حق سے محروم نہ کیا جائے،سیاسی جماعت کی شکایات قانون کے مطابق دور کی جائیں اور یقینی بنایا جائے پی ٹی آئی امیدوارریٹرننگ افسروں کے سامنے آزادانہ پیش ہوں۔