فیصل صالح ن لیگ میں شامل،نوازکو چوتھی بار وزیراعظم منتخب کرائیں گے،شہباز

جھنگ،لاہور( بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)ن لیگ کو بڑی کامیابی،سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات پارٹی میں شامل ہوگئے۔

صدر ن لیگ شہباز شریف شاہ جیونہ جھنگ پہنچے ،فیصل صالح حیات نے استقبال کیا،شہباز شریف نے مخدوم فیصل صالح حیات کے ہمراہ دربار حضرت شاہ جیونہ پر حاضری بھی دی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا فیصل صالح حیات کا شکر گزار ہوں ،خلوص دل سے دعوت دی،اپنے قائد نوازشریف پوری قیادت کی طرف سے نیک خواہشات ،تمنائیں لےکر آیا ہوں،فیصل صالح حیات کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔

قبل ازیںپارلیمانی بورڈ کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا دن رات محنت کرکے نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم منتخب کرائیں گے اور ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا،قائد کی واپسی کے بعد پارٹی میں نیا جوش وولولہ آیا،بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا، 5ارب ڈالر کی پیش کش کی گئی ایٹمی دھماکہ نہ کریں، نوازشریف نے کہا آ پ کی پیشکش کا شکریہ مگر ملکی کے وقار کی خاطر پیشکش قبول نہیں کرسکتا۔

شہبازشریف نے کہا2013سے 2017تک ترقی کے منصوبوں پر شبانہ روز کام ہوا، پاکستان کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، ستمبر 2013میں چینی صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے، چینی صدر کے دورے کو مو¿خر کرانے کیلئے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا، 2013کا لانگ مارچ ملکی تاریخ کا سیاہ باب رہے گا،نوازشریف نے کشکول آگے نہیں کیا ،پاکستان کے وقار کو مقدم رکھا،5سال مہنگائی کا طوفان رہا،تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، دوبارہ مہنگائی کے طوفان کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔