لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازیخان کے سرحدی تھانے وہوا کے ایس ایچ او سب انسپکٹر صادق حسین سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور صوبائی سرحد کے بہترین دفاع پر سب انسپکٹر صادق حسین اور انکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا،آئی جی پنجاب نے کہاکہ بارڈر چیک پوسٹوں پر سر بکف پنجاب پولیس کے جانباز پنجاب پولیس کے حقیقی ہیروز ہیں اوران باہمت اور فرض شناس جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او صادق حسین کو تعریفی سند اور کیش انعام دیا، بیٹے احسان صادق سے بھی ملاقات کی۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ مصوری، ادب یا فنون لطیفہ کی دیگر اصناف سے لگاو انسان کی خوبصورت شخصیت اور تعمیری سوچ کی عکاسی کرتا ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے افسران وجوان اپنے بنیادی فرائض کی بہترین ادائیگی کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوا رہے ہیں جو انتہائی قابل ستائش ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے لیڈی ریکروٹ کورس کے دوران غیر نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، آرٹسٹک سوچ اور فکر کے حامل افسران و اہلکار محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انکی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج الحمرا آرٹ گیلری میں پنجاب پولیس کے افسران کے تیار کردہ دلفریب آرٹ فن پاروں پنجاب پولیس آرٹ نمائش 2023 میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر مرتضٰی جعفری کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور اور نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر مرتضٰی جعفری کی آرٹ نمائش میں شرکت کی۔
باہمت ،فرض شناس جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات میں کمی نہیں ہوگی :آئی جی پنجاب


















