بلوچ مظاہرین سے دشمنوں جیسا برتاﺅ نہ کریں،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںکوئی دشمن نہیں چاہیے، خود ہی اپنے دشمن ہیں،بلوچ مظاہرین سے دشمنوں جیسا برتاﺅ نہ کریں۔

بلوچ مظاہرین کی گرفتاریوں و احتجاج کا حق دینے سے روکنے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس ایس آپریشنز سے استفسار کیا کیا آپ نے آرڈر دیا سختی سے نمٹا جائے ، مظاہرین آئے ہیں تو بیٹھنے دیں،وکیل درخواست گزار نے استدعا کی 34 گرفتار مظاہرین ابھی بھی جیل میں ہیں،شناخت پریڈ ہونا باقی ہے ، ایک شخص ظہیر لاپتہ اور تھانہ کوہسار کی ایف آئی آر میں نامزد ہے،پولیس افسر نے کہاجیل میں ہیں ضمانتی مچلکے جمع نہ ہونے کی وجہ سے رہائی ممکن نہیں ہو سکی،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا حکومت پر الزامات لگانا آسان ہے ،مظاہرین میں سے کوئی بھی بلوچ لاپتہ نہیں۔

عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز سے کہا ان سے زیادہ مظاہرین یہاں آتے رہے آپ شفقت کرتے رہے، انہوں نے کیا کیا ؟ آپ دشمنوں کی طرح ٹریٹ نہ کریں،احتجاج سے نمٹنے کی پالیسی یکساں ہونی چاہیے، کچھ مظاہرین کو آپ گود میں بٹھا لیتے ہیں، کچھ کےساتھ ایسا حال کرتے ہیں اگر ایس ایس پی کے ہاتھ بندھے ہیں تو سیکرٹری داخلہ کو بلا لیتے ہیں،کوئی دشمن نہیں چاہیے، خود ہی اپنے دشمن ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سوال کیا کیا اسلام آباد میں مظاہرین کو ریڈ زون میں بھی پیمپر نہیں کیا جاتا؟ کچھ مظاہرین کو احکامات پر پولیس کی جانب سے تحفظ دیا جاتا ہے، کیا بلوچ مظاہرین نے تنصیبات پر حملہ کیا؟،ملک میں احکامات کے باوجود ضمانت نہیں ہوتی، انگریز نے بلوچ کے بارے میں کیا کہا تھا؟ انگریز نے کہا بلوچ کو عزت دو اور وہ آپ کےلئے کچھ بھی کرے گا،ملک میں تب تک کچھ نہیں ہوتا جب تک کچھ ہو نہ جائے، مجسٹریٹ شناخت کا عمل مکمل کریں۔

وکیل نے کہا عدالت رپورٹ مانگے بلوچ مظاہرین میں سے 50 سے زائد خواتین کو گرفتار کیوں کیا گیا ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا بہت کچھ کہنے کو دل کرتا ہے لیکن کہہ نہیں سکتا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے 34 بلوچ طلبہ کی فوری شناخت پریڈ کرنے اورپولیس سے خواتین بلوچ مظاہرین کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 29 دسمبر تک ملتوی کردی۔