سمارٹ فونز سے آڈیو ریکارڈنگ کے متعدد سستے ٹولز دستیاب ،کوئی بھی خرید سکتا ہے،وزارت دفاع

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سمارٹ فونز سے آڈیو ریکارڈنگ کے متعدد سستے ٹولز دستیاب ہیں جو کوئی بھی خرید سکتا ہے، کچھ پلیٹ فارمز بھی معاوضے کے بدلے سروسز دیتے ہیں،آڈیو لیکس کیس میں وزرات دفاع نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔


جسٹس بابر ستار کی عدالت میں جمع کرائے گئے ایک صفحہ پر مشتمل تحریری جواب میںوزارت دفاع نے کہاآرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹولز کے ذریعے کسی بھی آواز کے کنٹنٹ کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، ریکارڈنگ سورس کی معلومات صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہی دے سکتا ہے۔

جواب میں مزید کہا گیاپیکا 2016کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کرنے کےلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ مجاز اتھارٹی ہے، عدالت سے استدعا ہے معاملے پر مزید تحقیقات کےلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ہدایت جاری کی جائے،وزارت دفاع نے مزید کہاکالز کرنے والے خود بھی ریکارڈ کر کے بعد میں لیک کر سکتے یا فون ہیک ہو سکتا ہے۔