دشمن دراڑیں ڈالنے پر تلے،پرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا،آرمی چیف

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے متحد و ترقی پسند پاکستان کےلئے قائد کے حقیقی ویژن پر عمل کرنے کےلئے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی و سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہیں۔ پرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کےلئے متحد اور یکجان ہونا پڑیگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے مسیحی برادری کےساتھ کرسمس تقریبات کے سلسلے میں کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں شرکت کی۔ چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیرمقدم کرتے ہوئے تہوار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی، احترام کا اظہار کیا اور متحد و ترقی پسند پاکستان کےلئے قائد کے حقیقی ویژن پر عمل کرنے کےلئے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہا اسلام امن، دوستی کا سبق سکھاتا اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سربرہ پاک فوج نے کہا پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی، سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہیں۔ پرعزم، مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کےلئے متحد ،یکجان ہونا پڑیگا۔

جنرل سید عاصم منیر نے 147 ویں یوم پیدائش پر قائداعظم کے عظیم ویژن، قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا، آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کےلئے آزاد ہیں، آپ ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادتگاہ میں جانے کےلئے آزاد ہیں۔

آرمی چیف نے تمام شعبوں میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات، قربانیوں کا اعتراف کیا اور درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کےلئے بیان بازی، پروپیگنڈا کی بجائے قومی مسائل پر درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔