لاہور( اپنے نمائندے سے)الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران پولیس، انتظامی مداخلت کی شکایات پر نوٹس لے لیا۔
امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے اور پولیس مداخلت کی شکایات پر الیکشن کمشنر پنجاب نے آئی جی عثمان انور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،سعید گل نے کہاریٹرننگ افسروں کے کام میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے، الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے مزید کہاپولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہوگی، شفاف الیکشن میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہاتمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کر دیں، شفاف انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کےساتھ ہیں، کوئی بھی افسر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو کارروائی کریں گے۔
ریٹرننگ افسروں کے کام میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں،،الیکشن کمشنر پنجاب


















