زیر تعمیر منصوبوں کی مانیٹرنگ کےلئے وزرا ،افسروں کو ذمہ داریاں تفویض

لاہور (خبر نگار،کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیر منصوبوں کی مانیٹرنگ کےلئے وزرا ،افسروں کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔

محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ،صوبائی وزرا عامر میر، بلال افضل، منصور قادر، ابراہیم حسن مراد، صوبائی مشیر وہاب ریاض، آئی جی و دیگر افسر شریک تھے،صوبائی وزیر عامر میرجنرل ہسپتال، ابراہیم حسن مراد میو ہسپتال اور وہاب ریاض ڈینٹل ہسپتال پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم چلڈرن ہسپتال، سیکرٹری ٹورازم گنگارام ہسپتال اور کمشنر لاہور پی آئی سی پراجیکٹس کی نگرانی کریں گے،صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر راولپنڈی منصوبے ،صوبائی وزیر بلال افضل کو لاہور رنگ روڈ ایس ایل تھری، گوجرانوالہ ایکسپریس وے پراجیکٹس کی مانیٹرنگ سونپ دی گئی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب بہاولپور ، کمشنر ملتان متعلقہ ڈویژن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا کو روزانہ 2مرتبہ پراجیکٹس کا وزٹ کرنے اور رپورٹ واٹس ایپ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاڈویلپمنٹ پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، کسی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے، بروقت تکمیل کیلئے شب روز محنت کی ضرورت ہے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب نے تھانہ اسلامپورہ کا دورہ کیا، تھانے کی خراب حالت دیکھ کر فوری نوٹس لیتے ہوئے 31 دسمبر سے قبل تھانے کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کی ڈیڈلائن دےدی،محسن نقوی نے موقع پر ہی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور ،سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو ہدایات دیں اور اسلام پورہ تھانہ کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت 40 تھانوں کی فہرست میں شامل کر لیا۔

وزیراعلیٰ تھانے کے مختلف شعبوں میں گئے، حوالات میں بند ملزموں سے کیسز کا پوچھا،فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پراگرس کا جائزہ لیااورایف آئی آر کے بروقت اندراج کا بھی حکم دیا۔