چیف جسٹس کی کردارکشی مہم میں سیاسی جماعت کے سوشل میڈیااکاونٹس ملوث
اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی کردار کشی مہم میں سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاونٹس ملوث نکلے۔
ذرائع کے مطابق ججوں کی بیگمات کو ایئر پورٹس پرچیکنگ سے مستثنیٰ قرار دینے والے پرانے خط کو باقاعدہ منصوبہ بندی کےساتھ استعمال کیا گیا، معاملے کو بغیر تحقیق اچھال کرسوشل میڈیا پر عدلیہ، ججوں اور اہل خانہ کی بے بنیاد ہتک آمیز مہم چلائی گئی۔
اداروں کی تحقیقات میں ججوں کو بدنام کرنے کی مہم کے پیچھے سیاسی جماعت سے جڑے پروپیگنڈا اکاونٹس ملوث نکلے،ہوا بازی ڈویژن (Aviation Division) کا 12 اکتوبر کا مراسلہ 16 دسمبر ( تقریباً 2 ماہ کے بعد)کو سب سے پہلے سیاسی جماعت سے وابستہ جے بی نامی اکاونٹ سے پوسٹ ہوا پھرعمر محمود حیات کے اکاونٹ سے16 دسمبر رات 11 بج کر 39 منٹ پر مراسلہ پوسٹ کیا گیا،اکاونٹس سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدمات پر ججوں ،عدلیہ کو پہلے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
چند سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے بھی مخصوص سیاسی جماعت کے ٹارگٹڈ ایجنڈے کو آگے بڑھایا،ججوں کی کردارکشی مہم میں سیاسی جماعت سے جڑے اکاونٹس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جھوٹے پروپیگنڈے کو وائرل کرنے میں پیش پیش رہے۔

















