عوام اب دو خاندانوں کی بادشاہت ہرگز قبول نہیں کریں گے: سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عوام اب دو خاندانوں کی بادشاہت قبول نہیں کریں گے۔گزشتہ چالیس سالوں سے ان دو خاندانوں کی سیاست کی وجہ سے ملکی انتشار میں اضافہ ہوا اور ادارے ناکام ہوئے۔ 8 فروری کوقوم نااہل اور نالائق سیاسی ٹرائیکا سے نجات حاصل کرے گی۔ آج ملک ان تین بڑی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے سیاسی،معاشی اور معاشرتی بحرانوں کا شکار ہے۔ سابقہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف،ورلڈ بینک سے قرضے لے کراپنی شوگرملز میں اضافہ کیا۔8 فروری کو پاکستان میں آئی ایف کے غلاموں کو شکست ہوگی۔پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے لیکن حکمرانوں کے اثاثوں میں اضافہ ہورہاہے۔ایک مضبوط،خوشحال اور روشن مستقبل کیلئے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرے۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پاکستان میں عدل و انصاف کا نظام قائم کرے گی۔امریکی سفیر اسلام آباد میں بادشاہ بنا ہوا ہے اور اپنے ایجنٹوں کو ایوانوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ کے حکمرا ن غزہ،کشمیرکے ایشوکو عالمی فورمزپر اجاگرکرے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جھنڈ ضلع اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ہے۔حکمرانوں کے بچے خوشحال اور غریبوں کے بچے بے حال ہوچکے ہیں۔سابقہ حکومتوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی،بے روزگاری اور ظالمانہ ٹیکسز کاراج ہے۔ان کی بدولت آج پاکستان کی بیٹی امریکہ کے جیل میں زندگی موت کی کشمکش میں ہے۔امت مسلمہ کی نظریں پاکستان پر ہیں اور ہمارے حکمران کی امریکہ پر۔مزدور،کسان،ہاری اور دہقان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ہندوستان کو موسٹ فیورٹ نیشن کہنے والے،مدینہ کی ریاست بنانے والے،روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ کرنے والے اقتدار میں آکر عوام کا جینا دوبھر کرتے ہیں۔آج پاکستان جس دوراہے اور چوراہے پر کھڑا ہے اس کی اصل ذمہ دار ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ہے۔یہ ٹرائیکا اپنی باریوں کے انتظار میں ہوتاہے۔8فروری کو قوم ٹرائیکا سے نجات حاصل کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام سابقہ حکمرانوں کے دھوکے میں نہ آئیں۔جماعت اسلامی کی صالح اور باکردار قیادت پر اعتماد کریں او ر 8فروری کو ترازو پر مہر لگا کرجماعت اسلامی کو کامیاب کریں۔ہمارے لوگ کرپشن سے پاک ہیں۔جماعت اسلامی کے کسی فرد کا نام پانامہ،پنڈورا اور مالیاتی سیکنڈلز میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ملک سے بے روزگاری،کرپشن اور مہنگائی کاخاتمہ کریں گے۔حکمرانوں اور عام آدمی کا بچہ ایک ہی سکول میں تعلیم حاصل کرے گا۔جماعت اسلامی ملک میں قرآن کی حکومت نافذ کرکے سود کا خاتمہ کرے گی،خواتین کے حقوق کا تحفظ اورنوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔ہم ان شائ اللہ ملک میں زراعت اور صنعت کے شعبوں میں کام کرکے غریب اور عام آدمی کو خوش حال بنائیں گے۔قوم ترازو پر مہر لگا کر پاکستان کے مستقبل محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑیں گے اور امت مسلمہ کی ترجمانی کریں گے۔