اسلام آباد (بیورورپورٹ ) پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے جدید ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے افغانستان سے موثر اقدامات کی توقع ہے، بھارتی ایجنسی کی معاونت سے متعدد دہشتگرد گروپ پاکستان میں متحرک ہیں، آنے والے دنوں میں مزید تفصیلات دیں گے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا امید کرتے ہیں افغان سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہ ہو،بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی کی پاکستان میں دہشتگردی کی مالی معاونت پر تشویش ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا بھارت کا اغوا اور دہشتگردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، پاکستان بھارتی معاونت سے دہشت گردی کا نشانہ رہا ہے، کلبھوشن ثبوت ہے، پاکستان ،ایران کے درمیان اچھے،مضبوط تعلقات ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے امریکہ سمیت تمام ممالک سے رابطے میں رہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہانگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کےلئے کویت کا دورہ کیا، امیر کویت کے انتقال پر حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا،گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے، خطوط میں بھارتی غیرقانونی ،یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،پاکستان ہندو ،سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا پاکستان کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے، پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت اور جنگ بندی کامطالبہ کرتاہے، بھارت داود ابراہیم کے کراچی ہسپتال میں داخل ہونے اور زہرخورانی کی جھوٹی و من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے، بھارت ہمیشہ پاکستان کےخلاف جھوٹا پرو پیگنڈا کرتا آرہا ہے، ای یو ڈس انفولیب کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔
بھارتی معاونت سے دہشتگرد گروپس پاکستان میں متحرک ہیں، دفتر خارجہ

















