لاہور (اپنے نمائندے سے) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل،امریکہ کو غزہ میں اور انکے غلاموں کو پاکستان میں شکست ہوگی۔ 8فروری کا سورج ترازو کی کامیابی کے ساتھ ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔جماعت اسلامی کی قیادت ہر قسم کی کرپشن،اقرباپروری کے داغ سے پاک ہے۔خواتین کا ووٹ آئندہ الیکشن میں اہم کردار ادا کرے گا۔آج کے اس بڑے اجتماع نے مظلوم فلسطینی خواتین اور بچوں کو حوصلے کا پیغام دیا ہے۔ 25لاکھ فلسطین کی مائیں، بہنیں،بیٹیاں، بزرگ، جوان، بچے اسرائیل، امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی کے بنائے ہوئے بموں کی آگ میں جل رہے ہیں، اسرائیلی جہاز بمباری کر کے موت بانٹ رہے ہیں، اب بھی وقت ہے کہ امت مسلمہ کے حکمران آگے بڑھیں اور غزہ کو بچائیں۔ میر جعفر اور میر صادق کی بجائے صلاح الدین ایوبی بنیں۔باربار امریکہ جانے والوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا۔جو ڈاکٹر عافیہ کیلئے کچھ نہیں کر سکا وہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلئے کیا کرے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے الفتح گراو¿نڈ میں حلقہ خواتین کے زیراہتمام تحیہ فلسطین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق،صوبائی امیروسطی پنجاب جاویدقصوری،ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،ناظمہ ضلع ڈاکٹرفہمیدہ الیاس و دیگرخواتین راہنماو¿ں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خواتین، طالبات اوربچوں کے درمیان تقریری،تحریری اور پینٹنگ کے مقابلہ جات ہوئے۔پاکستانی مصنوعات کے فروغ کیلئے الخدمت ویمن ونگ کی جانب سے غزہ بازار کا انعقاد کیا گیا جبکہ سکولوں کے بچوں اور بچیوں نے سینکڑوں فٹ بڑا فلسطینی پرچم بھی بنایا۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک و قوم آج جن مسائل کی زد میں ہے ان میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا برابر کا حصہ ہے، تینوں نے اقتدار میں آکر آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول اور ظالمانہ ٹیکسز لگا کر مہنگائی میں اضافہ کیا، قو م کے پاس ان لوگوں سے نجات حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔قوم نے سب کو آزما لیا، کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر بے وقوف بنایا، کسی نے پاکستان کے عوام کو ایشن ٹائیگر بنانے کا خواب دکھایا اور کسی نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر قوم کو دھوکا دیا، سب کی حقیقت آشکار ہو چکی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کہا کہ عوام اب ان کے دھوکے میں نہ آئیں اور جماعت اسلامی کی دیانت دار اور بے داغ قیادت پر اعتماد کریں۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو ان چوروں، لیٹروں اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے حکمرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کرپشن، جہالت، بیروزگاری سے پاک اسلامی و خوشحال پاکستان دیکھنے کے لیے 8فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگا کر جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ ہم ان شائ اللہ ملک کو خوب صورت، پرامن، روشن مستقبل دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ملک میں قرآن کی حکومت نافذ کریں گے،جماعت اسلامی ملک سے سود کا خاتمہ کرے گی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی جیل سے رہا کرائیں گے، خواتین کے حقوق کی حفاظت کریں گے، ان کو وراثت میں حق دلائیں گے، خواتین کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ، صنعتی یونٹ اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی،خواتین کیلئے الگ میڈیکل کالجز،یونیورسٹیز،بلا سود قرض ہوں گے۔خواتین کیلئے الگ ٹرانسپورٹ سکیورٹی اور تعلیم ہو گی۔
اسرائیل،امریکہ کو غزہ میں اور انکے غلاموں کو پاکستان میں شکست ہوگی :سراج الحق



















