ججز آئین شکن کو ہار پہناتے ،پارلیمنٹ ٹوٹتی ہے تو کہتے ہیں ٹھیک ہوا،نوازشریف

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے کہا ہے اگر ن لیگ دور کی معاشی اصلاحات و پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا،جو کہتے نہیں تھکتے تھے سبز جھنڈے ،سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے ،نیا پاکستان بنائیں گے تبدیلی آئے گی وہ سب کچھ جھوٹا خواب اورسبز باغ تھا،جھوٹے ، سبز باغ دکھانے کے باوجود جب سلیکٹڈ جیت نہیں رہا تھا توپھر بے تحاشہ انجینئرنگ کی گئی ،پھر بھی نہ جیتے تو آرٹی ایس روک کر الیکشن جتوانا پڑا ۔

نوازشریف نے کہا سلیکٹڈ نے جھوٹ، یوٹرن، بدتمیزی اور دھاندلی کو کرکے دکھایا،ایمان کے پہلے درجے کے مطابق آگے بڑھ کر ہاتھ روکتے تو شاید ملک کا موجودہ حشر نہ ہوتا لیکن دل میںبرا کہنے پر اکتفا کیا ،آئین ٹوٹتا ہے تو ججز آئین توڑنے والے کو آگے بڑھ کر ہار پہناتے ہیں ،قانونی تحفظ بھی دیتے ہیں تم آئین کےساتھ 3سال جو مرضی سلوک کرو تمہیں اجازت ہے ، ملک کو بھارت یا امریکہ نہیں خود نقصان پہنچایا،ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں فیصل آبادڈویژن سے تعلق رکھنے والے ٹکٹ کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

قائد ن لیگ نے کہاآئین ٹوٹتا ہے تو ججز آئین شکن کو ہار پہناتے ہیں اور پارلیمنٹ ٹوٹتی ہے تو کہتے ہیں ٹھیک ہوا،2017 میں ملک اچھا چل رہا تھا ، لگ رہا تھا پاکستان کی تعمیر نو ہورہی ہے،4سال تک ڈالر کو ہلنے نہیں دیا لیکن جیسے ہی بانی پی ٹی آئی آیا ڈالر کو پر لگ گئے،4ووٹوں کی برتری سے سلیکٹڈ کو وزیراعظم بنایا گیا،قائد ن لیگ نے کہاکہا گیا نواز شریف ،مریم نواز کو جیل سے باہر نہیں آنا چاہیے ورنہ 2 سال کی محنت ضائع ہوجائے گی، پتہ تو چلے 2 سال کی محنت کیا تھی، قوم کو بھی پتہ چلے،موقع ملا توملک کوگرداب سے نکالیں گے۔