اسلام آباد(بیورورپورٹ)انتخابات موخر کرانے کی ایک اور درخواست مسترد،سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے الیکشن کو کسی صورت پٹڑی سے نہیں اترنے دینگے۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی،جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دئیے عام انتخابات کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا، کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے؟ عام انتخابات کی تاریخ آنا کوئی معمولی بات نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا انتخابی حلقہ بندی پر غلط فیصلہ کیا گیا،جسٹس منصور شاہ نے وکیل درخواست گزار سے کہا الیکشن پروگرام جاری ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا، انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گئے تو الیکشن عمل متاثر ہوگا، ایسی درخواستوں پر عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ ڈسٹرب نہیں کرینگے اگر آپ انتخابات وقت پر نہیں چاہتے تو عدالت میں بیان دیں، الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دینگے،سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 12 میں حلقہ بندی پر نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتیں۔
سپریم کورٹ نے کہا حکم نامے سے تمام درخواست گزاروں کی اپیلوں پر اثر نہیں پڑےگا، عام انتخابات کے بعد حلقہ بندیوں پراپیلیں دوبارہ سنیں گے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا نقشے دیکھنے کا کام ہائیکورٹ نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا ہے، اکیلا آپ کا پرابلم نہیں ہر حلقے میں مسئلہ ہوگا اگر ایک حلقے میں کرینگے توپھر سب کو کرنا پڑے گا، ہر پارٹی اپنی خواہش کے مطابق حلقہ بندیاں چاہتی ہے، انتخابات میں تاخیر کا کوئی چانس نہیں لینا چاہتے۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا ایسا کرنے سے الیکشن معاملات مکمل ڈی ریل ہو سکتے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے انتخابات نہ ہوتے تو درمیان میں مداخلت نہ کرتے، عدالت طریقہ کار مرتب کر رہی ہے جس سے کسی کی حق تلفی نہ ہو، اب معاملات کو عام انتخابات کے بعد دوبارہ ٹیک اپ کریں گے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عدالت درخواست گزاروں کا حق محفوظ رکھ رہی ہے۔
الیکشن کو کسی صورت پٹڑی سے نہیں اترنے دینگے، سپریم کورٹ

















