انتخابات میں التوا یا شفافیت پر حملہ ملکی مفاد میں نہیں،عمران خان

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے انتخابات میں التوا یا شفافیت پر حملہ ملکی مفاد میں نہیں،ووٹ بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکن ،عوام 8 فروری کے انتخابات کی تیاری کریں۔

کورکمیٹی کے توسط سے عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں،انتخابات میں التوا یا شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملکی مفاد میں نہیں، کارکن،،عوام ملکر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں۔

سابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم ملکر بھی انتخابات میں پی ٹی آئی اور پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔