سالانہ 8 لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے، تعداد مزید بڑھائیں گے: جواد سہراب ملک

لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ مشرق وسطی ، برطانیہ اور یونان سمیت کئی دیگر ممالک میں افرادی قوت کی مانگ بڑھ چکی ہے، جتنے زیادہ پاکستانی بیرون ملک جائیں گے اتنا ہی ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے جواد سہراب ملک نے کہا کہ ہماری آبادی 25 کروڑ جبکہ سالانہ صرف 8 لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے ہیں، جو آبادی کا 0.3فیصد ہے، کئی ہمسایہ ممالک سے تین فیصد لوگ ہر سال باہر جاتے۔معاون خصوصی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بیرون ملک جانے کیلئے قانونی راستہ اختیار کریں۔انہوںنے کہا کہ سعودی کمپنیاں مزید پاکستانی ملازمین لینے کیلئے تیار ہیں، سالانہ صرف 8 لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے ہیں، تعداد بڑھائیں گے۔ ہم فنی تربیت میں پیچھے ہیں، نیوٹیک اور ٹیوٹا کو کام تیز کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ برین ڈرین کا تصور غلط ہے، ہمیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں، جتنے لوگ باہر جائیں گے، اتنا ہی زیادہ زرمبادلہ پاکستان آئے گا۔انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی ہر سال 27 ارب ڈالر ترسیلات زر بھیج رہے ہیں، غلط راستے سے باہر نہ جائیں ، تربیت لیکر قانونی طریقہ اختیار کریں۔